میری کردارکشی‘ فرقہ پرستوں کی سازش: شکیل عامر

   

ایک تلگو روزنامہ میں شائع غبن کا الزام مسترد، ہر طرح کی جانچ کیلئے ہمیشہ تیار

بودھن۔ 17؍جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ جناب شکیل عامر رکن اسمبلی بودھن نے یہاں اپنے کیمپ آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک تلگو روزنامہ میں ان کی کردار کشی کرتے ہوئے ایک سو بیس کروڑ روپئے مالیتی چاول کا غبن کرنے اور بغیر سرمایہ کے چاول کا کاروبار کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔ شکیل عامر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تین دنوں سے سرکاری عہدیدار نے ان کے رائس ملز کی تنقیح کا کام انجام دے کر انھیں کلین چٹ دے دیا۔ انھوں نے کہا کہ بعض افراد منصوبہ بند طریقہ پر ہر دو چار ماہ میں مبینہ طور پر ان کی کردار کشی کرنے میں مصروف ہیں۔ جناب شکیل عامر نے کہا کہ ان کے خلاف مہم چلانے والے افراد کا بہت جلد وہ پردہ فاش کردیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ضلع کلکٹر و ضلع جوائنٹ کلکٹر کے علاوہ محکمہ سیول سپلائیز کے اعلیٰ عہدیداروں سے وہ خود ربط پیدا کرکے ان کے تمام انڈسٹریز کے گوداموں و ریکارڈس کی جانچ کرنے کی خواہش کی۔ جناب شکیل عامر نے کہا کہ وہ ایک مسلم رکن اسمبلی ہونے کی وجہ سے بعض فرقہ پرست افراد انھیں برداشت نہیں کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ کسی بھی طرح کی جانچ پڑتال کے لئے ہمیشہ تیار ہیں۔ اگر ان کے کاروبار میں رتی برابر بھی نقص پایا جائے تو وہ رضاکارانہ طور پر برسرعام بودھن چوراہا پر پھانسی لے کر خودکشی کرلینے تیار ہیں۔