نئی دہلی۔ 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) 6 مرتبہ کی عالمی چمپین ایم سی میری کوم اور 23 سالہ تلنگانہ کی عالمی جونیر چمپین نکہت زرین کے درمیان اولمپک کوالیفائرس کا مقابلہ یکطرفہ ہوا جس میں میری کوم نے 9-1 سے کامیابی حاصل کی لیکن مقابلہ کے بعد دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخیاں دیکھی گئیں، جیسا کہ میری کوم نے زرین سے مصافحہ نہ کرنے کے علاوہ ان سے بغلگیر ہونے سے بھی انکار کردیا جس پر نکہت زرین نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے میری کوم نے جس طرح کا برتاؤ کیا، اس سے مجھے کافی تکلیف ہوئی۔ یہی نہیں بلکہ انہوں نے مقابلہ کے دوران رنگ میں بھی نازیبا زبان استعمال کی تھی، لیکن یہ سب ٹھیک ہے۔ نکہت زرین نے مزید کہا کہ میں جونیر کھلاڑی ہوں اور مجھے خوشی ہوتی تھی اگر مقابلہ کے بعد ہم ایک دوسرے سے مصافحہ کرتے اور بغلگیر ہوتے لیکن میں اس معاملے پر اب مزید کچھ نہیں کہوں گی۔ دوسری جانب میری کوم نے کہا کہ یہ تنازعہ میں نے شروع نہیں کیا اور جس طرح جونیر نے میری بے عزتی کی اور غیرضروری تنازعہ میں میری نام گھسیٹا۔ مقابلے کے بعد تنازعہ دونوں باکسرس کے علاوہ حکام کے درمیان بھی دیکھا گیا جیسا کہ تلنگانہ باکسنگ اسوسی ایشن کے صدر اے پی ریڈی نے مقابلے کے نتیجہ پر سخت احتجاج کیا جس کے بعد باکسنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر اجئے سنگھ کو مداخلت کرنی پڑی۔