میں فی الحال گورنر کی حیثیت سے اچھا کام کر رہی ہوں : ڈاکٹر سوندرا راجن
حیدرآباد۔23جولائی (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے کہا کہ اوپر خدا اور پھر مرکز میں بی جے پی قائدین اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ وہ ( ڈاکٹر سوندرا راجن ) انتخابات میں مقابلہ کریں گی یا نہیں ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن اور چیف منسٹر کے سی آر کے تعلقات بہتر نہیں ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر اور ان کے وزراء راست طور پر گورنر کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور ان کے طرز عمل کی مذمت بھی کر رہے ہیں۔ بی آر ایس قائدین کی جانبس ے اکثر و بیشتر گورنر سوندرا راجن پر سیاسی لیلار کی طرح کام کرنے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے ۔ دوسری جانب یہ بھی اطلاعات گشت کر رہی ہیں کہ ڈاکٹر سوندرا راجن آئندہ سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کریں گی ۔ اس اطلاع پر گورنر نے کہا کہ اس کا فیصلہ اوپر خدا اور مرکز میں بی جے پی قائدین ہی کریں گے ۔ ڈاکٹر سوندرا راجن ایک تقریب میں شرکت کیلئے پڈوچیری آئی تھیں۔ وہاں ان سے میڈیا نے سوال کیا کہ آیا وہ لوک سبھا کیلئے مقابلہ کرینگی ۔ گورنر نے کہا کہ وہ فی الحال دو ریاستوں کی گورنر کی حیثیت سے موثر کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات میں مقابلہ کے تعلق سے وہ اپنے طور پر فیصلہ نہیں کرسکتیں۔ خدا اور حکمران طبقہ ہی اس تعلق سے فیصلہ کرسکتا ہے ۔فیصلہ کرنا ان کے ہاتھ میں نہیں ہیں اور وہ فی الحال گورنرس کی ذمہ داری نبھا رہی ہیں۔