غداری کا مقدمہ درج ہونے پرسابق گورنرعزیزقریشی کی وضاحت
نئی دہلی: سابق گورنر عزیز قریشی نے پیرکواپنے خلاف درج غداری کیس پر جواب دیاہے۔عزیزقریشی نے کہاہے کہ ان کے بیان پر سیاسی طور پر نقصان پہنچانے کے لیے غلط بیانی کی گئی اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ قریشی نے وضاحت میں کہاہے کہ میں نے کہاتھاکہ پہلے کبھی اتنے مظالم نہیں ہوئے جتنے اب ہو رہے ہیں۔میرا بیان کسی کے خلاف نہیں تھا۔ تاہم اس معاملے میں سیاست بھی گرم ہوگئی ہے۔ دوسری جانب رام پور اے ایس پی سنسار سنگھ نے بتایاہے کہ سول لائن پی ایس میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ عزیز قریشی پر سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت کے خلاف بیان دینے پردرج کیا گیا ہے۔ ان پر کمیونٹیوں کے درمیان کشیدگی کو ہوا دینے کاالزام لگایا گیا ہے۔ پولیس اس معاملے میں مزید قانونی کارروائی کرے گی۔اتوار کو یوپی پولیس نے قریشی کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا۔یہ معاملہ یوپی کے وزیراعلیٰ یوگیآدتیہ ناتھ کی حکومت کے خلاف مبینہ توہین آمیز بیان کے سلسلے میں درج کیا گیا تھا۔ یوپی پولیس کا کہنا ہے کہ رام پور ضلع کے سول لائن پولیس اسٹیشن میں بی جے پی کارکن آکاش سکسینہ کی شکایت پر قریشی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔