میرے جیب خالی ہیں، شائقین کو وارنر کا جواب

   

برمنگھم ۔6 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر پر ہونے والی تنقیدکا سلسلہ تاحال نہ تھم سکا۔ برمنگھم میں ایشیز ٹسٹ سیریز کے پہلے مقابلے کے دوران شائقین کی جانب سے ڈیوڈ وارنرکو دوبارہ تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ رپورٹس کے مطابق ایشیز سیریز کے پہلے ٹسٹ میچ کے تیسرے دن جب آسٹریلیائی اوپنر ڈیوڈ وارنر باونڈری لائن پر فیلڈنگ کررہے تھے انہیں برطانوی شائقین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا جنہوں نے ان کے خلاف نعرے لگائے کہ تمہارے ہاتھ میں سینڈ پیپر ہیں۔اپنے اوپر ہونے والی تنقید پر غصے کا اظہار کرنے کے بجائے ڈیوڈ وارنر نے اپنی جیب سے ہاتھ نکال کر شائقین کی جانب کیے اور دونوں ہاتھ کھول کر انہیں دکھائے کہ میرے ہاتھوں میں کچھ نہیں،جبکہ جیبیں بھی خالی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران بال ٹمپرنگ کے معاملے میں ایک سال معطلی کی سزا کاٹنے والے وارنر کے دامن سے بال ٹیمپرنگ کا داغ تا حال پیچھا چھوڑنے کو تیار نہیں۔ اس سے پہلے بھی ایشیز ٹسٹ میچ کے پہلے دن جب وارنر آوٹ ہوکر پویلین کی جانب لوٹ رہے تھے تو انگلش شائقین انہیں سینڈ پیپر دکھاتے ہوئے چڑا رہے تھے۔