چیف منسٹر آسام کا چیف منسٹر دہلی کو انتباہ‘کجریوال کی آج گوہاٹی میں ریالی
گوہاٹی: چیف منسٹردہلی اروند کجریوال 2 اپریل کو آسام میں ایک ریالی کرنے والے ہیں۔ اس ریالی سے پہلے آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا نے انھیں انتباہ دیا ہے کہ کجریوال ان کے خلاف ایک لفظ نہ بولیں ورنہ وہ کارروائی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہیمنت بسوا سرما نے متنبہ کیا ہے کہ اگر کجریوال نے ان پر جھوٹے الزامات عائد کیے تو وہ ان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ کر دیں گے۔جیسے میں نے منیش سسودیا کے خلاف کیا تھا۔‘‘ آسام کے وزیر اعلیٰ کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب مبینہ طور پر اروند کجریوال نے دہلی اسمبلی میں بیان دیا کہ ہیمنت بسوا سرما کے خلاف کئی ریاستوں میں معاملے درج ہیں ۔واضح رہے کہ اروند کجریوال اور ان کی پارٹی اب شمال مشرقی ریاست آسام میں اپنی سیاسی زمین تلاش کر رہی ہے۔ اسی کے پیش نظر کجریوال 2 اپریل کو آسام کا دورہ کرنے والے ہیں۔ وہ یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب بھی کریں گے۔ یہ جلسہ عام گوہاٹی کے بھرلومکھ میں واقع سونارام ہائی اسکول میں منعقد ہوگا۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ کجریوال آسام کے وزیر اعلیٰ کے خلاف کوئی بیان دینے کی ہمت کریں گے یا نہیں۔