میرے خلاف ای ڈی دھاوے کی تیاری :راہول

,

   

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ ان کے خلاف چھاپے مارنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔ کانگریس لیڈر نے آج یہ جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ای ڈی کے ایک افسر نے انہیں بتایا ہے کہ ان کے خلاف دھاوے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ پارلیمنٹ میں بجٹ پر بحث کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ حکومت اپوزیشن اور ملک کے خلاف ’چکرویوہ‘ (بھنور) بنا رہی ہے اور شاید مودی حکومت کو ان کا بیان پسند نہیں آیا، اسی لیے ان کے خلاف ایسا منصوبہ بنایا جا رہا ہے ۔ راہول گاندھی نے ’ایکس‘ پر کہا کہ ظاہر ہے ، 2اِن 1 (ٹواِن ون )کو میری چکرویوہ والی تقریر پسند نہیں آئی۔ ای ڈی کے داخلی ذرائع نے مجھے بتایا کہ چھاپوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔میں ای ڈی افسران کا دل کھول کر انتظار کررہا ہوں۔ چائے اور بسکٹ میری طرف سے ۔اس دوران، کانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں پارٹی کے وہپ مانیکم ٹیگور نے ایک تحریک التواء پیش کی ہے جس میں حکومت سے ای ڈی /سی بی آئی کے غلط استعمال پر بحث کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔