لکھنو ۔12 فبروری۔( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کے اس تبصرے کو کہ اُن کا دورۂ الہ آباد تشدد کا موجب بن سکتا تھا ، مایوسی کو چھپانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے آج کہاکہ اُنھیں روکنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ حکومت کس قدر خوفزدہ ہے ۔ ’’مجھے الہ آباد کی فلائیٹ میں سوار ہونے سے روکا گیا جہاں میں اسٹوڈنٹس یونین کے پروگرام میں شرکت کیلئے جارہا تھا ۔ مجھے کوئی وجہ نہیں بتائی گئی کہ کیوں ایسا کیا گیا لیکن عام تاثر سے یہی ظاہر ہوتا ہے کہ میں وہاں جاتا تو لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیدا ہوجاتا۔ چیف منسٹر نے اس ضمن میں یہی بیان دیا ہے لیکن وہ اُسے اپنی مایوسی چھپانے کیلئے آڑ کے طورپر استعمال کررہے ہیں کیونکہ ہمارے نوجوان معقول سمجھ بوجھ رکھتے ہیں ۔ اگر یہ واقعہ کوئی مسئلہ ہوتا تو پولیس نے اعتراض کیا ہوتا اور مجھے میرا شیڈول بدلنے کیلئے کہا ہوتا ‘‘ ۔ انھوں نے کہاکہ بی جے پی اُترپردیش کھوچکی ہے لیکن کسی الیکشن سے زیادہ وہ اس ملک کے نوجوانوں کا بھروسہ کھوچکی ہے ۔