63 ملین ووٹرس کی رائے پر اپنی رائے مسلط کرنے ڈیموکریٹس اور میڈیا کے گوشے سرگرم ۔ صدر امریکہ کا خطاب
واشنگٹن 2 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج کہا کہ امریکی ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹک ارکان کی جانب سے ان کے خلاف مواخذہ کیلئے جو ووٹ دیا گیا ہے وہ در اصل امریکی جمہوریت پر حملہ ہے ۔ امریکی کانگریس کے 435 رکنی ایوان زیریں میں جمعرات کو اس کوشش کو منظوری حاصل ہوئی تھی جو امریکہ کی عصری صدارت کی تاریخ میں تیسری مرتبہ ہے ۔ اس طرح ایوان میں جملہ 232 ارکان نے ٹرمپ کے مواخذہ کے حق میں ووٹ دیا تھا جبکہ 196 ارکان نے مواخذہ کے خلاف رائے ظاہر کی تھی ۔ ڈیموکریٹس کو ایوان میں اکثریت حاصل ہے اور ایوان نمائندگان میں اس کے پاس 233 نشستیں ہیں ۔ جبکہ برسر اقتدار ریپبلیکنس کو صرف 197 منتخب ارکان کی تائید حاصل ہے ۔ ڈونالڈ ٹرمپ اسی گروپ سے تعلق رکھتے ہیں۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے مسی سپی میں کل رات دیر گئے ایک خطاب میں کہا کہ ڈیموکریٹس کی جانب سے مسلسل یہ کوششیں کی جا رہی تھیں کہ الیکشن کو بے اثر کیا جائے ۔ تاہم وہ کہنا چاہتے ہیں کہ ریپبلیکنس پوری طرح سے مستحکم ہیں ۔ وہ پہلے کبھی اتنے متحد نہیں تھے اور اب ان کے ساتھی ارکان پہلے سے زیادہ متحد ہیں۔ اب تک امریکہ کی تاریخ میں صرف دو صدور اینڈریو جانسن اور بل کلنٹن کے خلاف ہی ایوان نمائندگان میں مواخذہ کیا گیا تھا تاہم سینیٹ نے ان میں سے کسی کو سزا نہیں سنائی تھی ۔ اس کے نتیجہ میں کوئی بھی امریکی صدر مواخذہ کے عمل کی وجہ سے اپنے عہدہ سے محروم نہیں ہوا ہے ۔ 100 رکنی سینیٹ میں ٹرمپ کی ریپبلیکن پارٹی کو 53 نشستوں کے ساتھ اکثریت حاصل ہے اور ڈیموکریٹس کے پاس 47 ارکان کی تائید حاصل ہے ۔ امریکی کانگریس کی جو موجودہ صورتحال اس کے مطابق مواخذہ کا عمل ڈیموکریٹک ارکان کی خواہش کے مطابق ایوان نمائندگان میں پیشرفت کرسکتا ہے
تاہم اسے ریپبلیکن اکثریت والی سینیٹ میں منظوری ملنی ممکن نظر نہیں آتی ۔ ٹرمپ نے اپنے اولین انتخابی ریلی خطاب میں یہ بھی الزام عائد کیا کہ ان کے خلاف جو سازش تیار کی گئی ہے اس میں امریکہ کا اصل میڈیا کا ایک گوشہ بھی پوری طرح شامل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام میڈیا اورڈیموکریٹس کی جانب سے بدعنوان شراکت داری کی جا رہی ہے تاکہ ان کی خواہش کو مسلط کرتے ہوئے امریکی جمہوریت کو گزند پہونچائی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹ ارکان اور میڈیا کے گوشے ہنوز ان کے خلاف سازشوں کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس میں سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ایسی صورتحال کی کبھی توقع نہیں رہی تھی ۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس نے جوووٹ دیا ہے وہ در اصل امریکہ کے 63 ملین رائے دہندوں نے جو ووٹ دیا تھا اس کو بے اثر کرنے کی کوشش تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اس تحریک مواخذہ سے امریکی ایوان نمائندگان کے وقار میں کمی آئی ہے ۔ امریکہ میں سخت گیر سیاسی مخالفتوں کے دوران مواخذہ کا یہ عمل شروع ہوا ہے اور اس میں ریپبلیکنس اور ڈیموکریٹس کے مابین کٹر رسہ کشی چل رہی ہے ۔ ڈیموکریٹس کا کہنا ہے کہ انہوں نے مواخذہ کی منظوری دیتے ہوئے کوئی غلطی نہیں کی ہے ۔