پونے 11 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر این سی پی شردپوار نے آج بی جے پی کے سرکردہ قائدین بشمول امیت شاہ اور وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ چناؤ والے مہاراشٹرا میں انتخابی تقاریر میں بار بار اُن کا نام استعمال کررہے ہیں اور کہاکہ اُنھیں معیشت اور کسانوں سے متعلق مسائل پر بولنا چاہئے۔ پوار نے کہاکہ وزیراعظم مودی، امیت شاہ اور چیف منسٹر دیویندر فڈنویس کی انتخابی مہم کے ایجنڈہ کا اہم مسئلہ شردپوار ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ میرے نام کا جاپ کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے اُس کے لئے سنجیدہ کوششیں ضروری ہیں۔ پوار نے کہاکہ این سی پی نے آرٹیکل 370 کی تنسیخ کا خیرمقدم کیا جس سے جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ حاصل تھا، اور مرکز سے سوال کیاکہ آرٹیکل 371 کو بھی بے اثر کیا جائے جو شمال مشرقی ریاستوں بشمول ناگالینڈ اور میگھالیہ میں اراضی خریدنے سے منع کرتا ہے۔
