ستنا( مدھیہ پردیش): کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج اپنی دادی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی اور اپنے والد راجیو گاندھی کو یاد کیا اور کہا کہ ملک اور عوام کی خدمت ان کیلئے سب سے اہم تھے اور دونوں نے ملک کے لیے اپنا خون بہایا۔ پرینکا گاندھی اتر پردیش کی سرحد سے متصل مدھیہ پردیش کے وِندھیا علاقہ کے چترکوٹ اور ستنا ضلع میں ریاستی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پارٹی امیدوار کے حق میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کر رہی تھیں۔پرینکا گاندھی نے اس موقع پر بھگوان رام اور بابائے قوم مہاتما گاندھی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ ملک بھگوان رام کی روایات پر عمل کرتا ہے اور مہاتما گاندھی نے رام کے نظریات کو اپنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ جب مہاتما گاندھی کو گولی ماری گئی تو ان کے منہ سے ’ہے رام‘ نکلا تھا اور کانگریس پارٹی مہاتما گاندھی کی روایت پر عمل کر رہی ہے۔
