میوزیکل فاونٹین کی تنصیب کا اعلانات بھی فریبی ثابت ، محکمہ بلدی نظم و نسق سے کوئی مراسلت نہیں
حیدرآباد۔17 مارچ (سیاست نیوز) ریاستی محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے میر عالم تالاب میں میوزیکل فاونٹین کی تنصیب کا اعلان کیا گیا تھا ۔ ڈسمبر 2021 میں کئے گئے اس اعلان کے ساتھ سیکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق مسٹر اروند کمار نے کہا تھا کہ فروری 2022 کے اختتام تک 3کروڑ کی لاگت سے میر عالم تالاب میں میوزیکل فاؤنٹین کی تنصیب کا عمل مکمل کرلیا جائے گا لیکن محکمہ بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں کی جانب سے اس سلسلہ میں اب تک کوئی پیشرفت نہیں کی گئی اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں سے دریافت کرنے پر کہا جا رہاہے کہ محکمہ بلدی نظم ونسق نے اس سلسلہ میں اعلان کیا ہے لیکن اب تک انہیں کوئی مراسلت وصول نہیں ہوئی ہے۔ میرعالم تالاب کو خوبصورت بنانے کے سلسلہ میں برسوں سے حکومت کے محکمہ بلدی نظم ونسق کے تحت خدمات انجام دینے والے اداروں کی جانب سے کئی اعلانات کئے جاتے رہے ہیں لیکن ان پر عمل آوری کے معاملہ میں محکمہ اور محکمہ کے تحت خدمات انجام دینے والے ادارۂ جات بالخصوص حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد بری طرح سے ناکام ہوتا رہا ہے۔ متحدہ آندھرا پردیش میں ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دورحکومت کے دوران میر عالم تالاب میں زیر آب فش ایکویریم کی تعمیر کا اعلان کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ شہر حیدرآباد کے منفرد فش ایکویریم کی تعمیر میر عالم تالاب میں عمل میں لائی جائے گی لیکن چند برسوں تک ان اعلانات کے بعد یہ کہہ کر منصوبہ کو ترک کرنے کا اعلان کردیا گیا کہ میر عالم تالاب کا پانی صاف نہیں ہے اسی لئے میر عالم تالاب میں زیر آب فش ایکویریم کی تعمیر ممکن نہیں ہے اس کے بعد بھی کئی اعلانات کئے گئے اور سال گذشتہ کے اواخر میں میر عالم تالاب پر کیبل برج کی تعمیر کا اعلان کیا گیا اور ٹنڈرس کی طلبی کا دعویٰ بھی کیا گیاتھا لیکن مسٹر اروند کمار نے میر عالم تالاب میں میوزیکل فاؤنٹین کی تنصیب کے اعلان کے ساتھ اس کی تخمینی لاگت اور اس کام کو فروری 2022 تک مکمل کرلینے کا بھی اعلان کیا تھا لیکن اس منصوبہ کے متعلق بھی عہدیدار لاعلمی کا اظہار کر رہے ہیں۔م