میر عالم تالاب کی خوبصورتی میں اضافہ کے لیے عملی اقدامات

   

پرنسپل سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق کا دورہ ، دسمبر تک تمام کاموں کی تکمیل کو یقینی بنانے عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔2نومبر(سیاست نیوز)میر عالم تالاب کی خوبصورتی میں اضافہ اور فوارے کی تنصیب کا عمل ڈسمبر 2021 تک مکمل کرلیا جائے گا اور میر عالم تالاب کے اطراف صفائی اور سڑک کی بہتری کے کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق مسٹر اروند کمار نے آج مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے عہدیداروں کے ہمراہ دورہ کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ میر عالم تالاب کے اطراف جو 6کیلو میٹر کی سڑک تیار ہے اس پر صفائی کے اقداما ت کئے جائیں اور تالاب میں جو خودرو پودے اگ چکے ہیں ان کی صفائی کے اقداما ت کئے جائیں۔ مسٹر اروند کمار نے اپنے دورہ کے دوران میر عالم تالاب کی ترقی کے اقدامات کے سلسلہ میں اب تک کی جانے والی کاروائیوں کی تفصیلات حاصل کرنے کے بعد عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ میرعالم کو تفریحی مقام کے طور پر ترقی دینے کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کریں۔ عہدیدارو ںنے انہیں میر عالم کے اطراف جاری کاموں کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت اور محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے کئے گئے اعلانات پر عمل آوری کے ذریعہ میر عالم تالاب کی خوبصورتی میں اضافہ کے ساتھ تالاب کے اطراف سیاحوں کی دلچسپی کے سامان مہیا کروانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مسٹر اروند کمار نے اپنے دورہ کے دوران عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ ڈسمبر سے قبل تمام کاموں کی تکمیل کو یقینی بنائیں اور اس سلسلہ میں حائل کسی بھی رکاوٹ کو دورکرنے کیلئے راست ان سے رابطہ کریں۔ م