اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی سے ٹنڈرس کی طلبی
حیدرآباد 16 جولائی (سیاست نیوز) تاریخی چارمینار کے قریب میر عالم منڈی کمان پر جسے ایک عرصہ دراز سے نظرانداز کیا گیا ہے اور ابتر حالت میں ہے، آخرکار حکومت نے اس کی حالت کو بہتر بنانے پر توجہ دی ہے چنانچہ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے اس کمان کے مرمتی کام انجام دیتے ہوئے اسے پہلے کی حالت میں بحال کرنے کے سلسلہ میں پہل کی ہے۔ اس کی حالت کو مزید خراب ہونے سے بچانے کے لئے اس کمان کو سپورٹ فراہم کرنے کے لئے کئی ماہ قبل لوہے کے پلرس لگائے گئے تھے اور اب اس کمان کا پورا وزن ان پلرس پر ہے۔ اس کمان کی مرمت اور بحال کرنے کے پراجکٹ کی تخمینہ لاگت 92.50 لاکھ روپئے ہے اور توقع ہے کہ یہ پراجکٹ چھ مہینوں میں تکمیل ہوگا۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ انہیں اس کمان کی خراب حالت کے بارے میں مسلسل شکایتیں وصول ہورہی ہیں اور اس کے مرمتی کام انجام دینے کی فوری ضرورت پر زور دیا جارہا ہے۔ ہیریٹیج جہدکاروں نے بھی اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس کمان کی حالت وقت کے ساتھ بہت خراب ہوگئی ہے۔ اس کمان سے مسلسل گاڑیوں کے گزرنے کے باعث اسے نقصان ہوا ہے کیوں کہ ارتعاش کے باعث کانکریٹ کے ٹکڑے گر رہے ہیں۔ مختلف طبقات کے لوگوں کی جانب سے اس سلسلہ میں کی جانے والی شکایتوں کے جواب میں قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے اس کے مرمتی کام شروع کرنے کے لئے ایجنسیز سے بڈس طلب کئے ہیں۔ ستمبر 2021 ء میں ایک دورہ کے دوران محکمہ بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی کے اسپیشل چیف سکریٹری اروند کمار نے اس کمان کو اس کی اصل حالت میں بحال کرنے کے پلان کا اعلان کیا تھا اور تاریخی میر عالم منڈی کی اصل شان بحال کرنے میں اس کی اہمیت پر زور دیا تھا۔