میر عالم ٹینک پر چار لائن ہائی لیول برج تعمیر کرنے کی منظوری

   

363 کروڑ روپئے جاری کرنے کے احکامات ، کانگریس حکومت کی پرانے شہر پر خصوصی توجہ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : حکومت نے پرانے شہر میں میر عالم ٹینک کے اطراف 4 لائن ہائی لیول برج تعمیر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 363.00 کروڑ روپئے کی انتظامی منظوری دی ہے ۔ اس سلسلے میں محکمہ بلدی نظم و نسق نے جی او آر ٹی نمبر 120 بھی جاری کردیا ہے ۔ میر عالم ٹینک کو ترقی دینے اور اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ریاست میں کانگریس کی حکومت تشکیل پانے کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی پرانے شہر کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ موسیٰ ندی کو ترقی دینے کے لیے ایک طرف بڑے پیمانے پر منصوبے تیار کئے جارہے ہیں ۔ دوسری طرف پرانے شہر میں میٹرو ریل چلانے کے لیے حال ہی میں سنگ بنیاد رکھا گیا ہے ۔ اب تازہ طور پر میر عالم ٹینک کو ترقی دینے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے ۔ محکمہ بلدی نظم و نسق اور حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے میر عالم کے اطراف چار لائن ہائی لیول برج تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ برج میر عالم ٹینک سے بنگلور نیشنل ہائی وے اور چنتل میٹ کو مربوط کریگا ۔ جس کی لاگت 363 کروڑ روپئے ہونے کا تخمینہ تیار کیا گیا ہے اور اس کی انتظامی منظوری دیتے ہوئے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ سیول ورکس کے لیے 359.53 کروڑ اور یوٹیلیٹی شفٹنگ کے لیے 3.47 کروڑ روپئے خرچ ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے ۔ پراجکٹس کی خصوصیات یہ ہے کہ چار لائن ہائی لیول برج چنتل میٹ روڈ کو بنگلور نیشنل ہائی وے سے مربوط کرنا ہے ۔ پراجکٹ کی لمبائی 2.650 کلومیٹر ہوگی ۔۔ 2