حکومت سے جھیل پر آئیکانیک برج تعمیر کرنے کیلئے 430 کروڑ روپئے منظور
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : حکومت نے پرانے شہر کے میر عالم ٹینک کو سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جھیل پر آئیکانک برج کی تعمیر کرنے کے لیے 430 کروڑ روپئے کی منظوری دی ہے ۔حیدرآباد میٹرو ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ( ایچ ایم ڈی اے) اور موسیٰ ریور ڈیولپمنٹ کارپوریشن مشترکہ طور پر شاستری پورم سے بنگلور ہائی وے کو جوڑتے ہوئے عالمی معیار کا برج تعمیر کررہے ہیں ۔ یہ برج شہر حیدرآباد کیا سیاحتی مراکز میں مزید ایک اصافہ ہوگا ۔ سیاحوں کو راغب کرنے تمام انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ ان کاموں کے لیے ایک پرائیوٹ کنسلٹنسی کی خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے ڈی پی آر تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ میر عالم جھیل کو سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے سے اس علاقے میں بڑے پیمانے پر سیاح پہونچنے کے امکانات ہیں ۔ ساتھ ہی ٹریفک مسائل بڑی حد تک گھٹ جانے کی بھی توقع کی جارہی ہے ۔ مغربی علاقے میں دکن پارک سے مشرقی بنگلور نیشنل ہائی وے کے درمیان اس برج کی تعمیر کرنے پر دکن پارک سے چنتل میٹ کی طرف نیچے اترنے کے لیے ایک ریمپ تعمیر کیا جائے گا ۔ ساتھ ہی کشن باغ سے برج پر چڑھنے ایک ریمپ تعمیر کیا جارہا ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس برج کی تعمیر سے قومی شاہراہ سے بہادر پورہ ، عطا پور کی طرف آمد و رفت میں آسانی ہوجائے گی ۔۔ 2