میر واعظ کا این آئی اے پر غلط اطلاعات پر نوٹس جاری کرنے کا الزام

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے علیحدگی پسند قائد میر واعظ سہ شنبہ کو مسلسل دوسرے دن قومی تحقیقاتی ایجنسی کے دفتر دہشت گرد گروپوں کو تحفظ فراہم کرنے سے متعلق کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں حاضر ہوئے۔ این آئی اے کے صدر دفتر کے بعض عہدیداروں نے بتایا کہ ان سے ان کی پارٹی عوامی ایکشن کمیٹی اور حریت کانفرنس جو متعدد علیحدگی پسند تنظیموں کی نمائندہ ہے، ان تمام کو فنڈز کی فراہمی سے متعلق میر واعظ سے سوالات کئے جائیں گے۔ میر واعظ حریت کانفرنس کے صدرنشین ہیں۔ حریت کانفرنس ماضی میں این ڈی اے اور یو پی اے حکومتوں کے دور میں کشمیر کے مسئلہ کے دائمی حل کیلئے بات چیت میں بھی مصروف رہی ہے۔ این آئی اے نے موافق پاکستان علیحدگی پسند قائد سید علی شاہ گیلانی کے فرزند نسیم گیلانی کو بھی طلب کیا تھا مگر یہ بات واضح نہ ہوسکی کہ وہ حاضر ہوئے یا نہیں۔ این آئی اے کے دفتر میں حاضری سے قبل حریت کانفرنس کے صدرنشین نے اپنے ایک ٹوئٹ میں عوام سے کہا کہ ہراسانی کے باوجود بھی حریت کشمیر کے مسئلہ کے پرامن حل کی متلاشی رہے گی۔ انہوں نے کشمیری عوام سے کہا کہ وہ خاموش اور پرامن رہیں۔ این آئی اے نے 26 فروری کو میر واعظ سمیت کشمیر کے کئی قائدین کے گھروں کی تلاشی لی۔ میر واعظ نے این آئی اے سے دریافت کیا کہ انہیں این آئی اے میں مندرجہ شکایت کے تعلق سے مطلع کیوں نہیں کیا ۔ ایسا لگتا ہے کہ انہیں نوٹس غلط فہمی اور غلط اطلاعات کی اساس پر جاری کی گئی۔