میر واعظ کی آج کشمیر میں مکمل ہڑتال کی اپیل

   

سری نگر،یکم مارچ (یو این آئی) میرواعظ مولوی عمر فاروق نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر شدید رنج و غم اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کو اس بے رحمانہ قتل کا ذمہ دار قرار دیا ہے جس نے پوری مسلم دنیا کو دہلا کر رکھ دیا ہے ۔اتوار کو جاری اپنے بیان میں میرواعظ نے ایران پر مسلسل جارحیت اور خاص طور پر میناب میں معصوم طالبات کے قتلِ عام کا بھی سخت الفاظ میں نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ یہ انسانیت سوز کارروائیاں ناقابلِ قبول ہیں اور جموں و کشمیر کے عوام ان کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا:’ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا بے رحمانہ قتل مسلم دنیا کے لیے ایک عظیم سانحہ ہے ۔ ہم گہرے دکھ اور صدمے میں ہیں۔ اس مشکل گھڑی میں ہماری دعائیں اور جذبات ایران کے ثابت قدم لوگوں کے ساتھ ہیں۔ اللہ مظلوموں کو صبر دے ، شہدا کے درجات بلند فرمائے اور مجرموں پر فوری انصاف نافذ ہو۔’میرواعظ نے مسلم امہ سے اپیل کی کہ وہ باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر خطے میں جاری جارحیت کے خلاف متحد ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اتحاد اور یکجہتی ہی امت کی سب سے بڑی طاقت ہے ۔اسی سلسلے میں ایک اہم اقدام کے تحت متحدہ مجلس علماء جو مختلف مکاتبِ فکر کے علما کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے ،نے کل پیرکو مکمل ہڑتال کی کال دی ہے ۔
میرواعظ نے عوام سے اپیل کی:’لوگ کل کی ہڑتال کو مکمل امن، وقار اور اتحاد کے ساتھ منائیں اور شہید رہبر کے ساتھ اپنی عقیدت اور یکجہتی کا پرامن اظہار کریں۔’انتظامیہ نے اپیل کے پیش نظر حالات پر قریب سے نظر رکھنے اور امن و امان قائم رکھنے کے لیے سیکیورٹی کو الرٹ پر رکھا ہے ۔