میر پیٹ ڈیویژن کارپوریٹر کے شوہر کے خلاف مقدمہ

   

کار سے ٹکر کے بعد مار پیٹ ، متاثرہ شخص کی پولیس میں شکایت
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : میر پیٹ پولیس نے کارپوریٹر کے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ایک شخص کو کار سے ٹکر دینے کے بعد زد و کوب کرنے کے الزام میں پولیس نے یہ مقدمہ درج کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ میر پیٹ ڈیویژن کی کارپوریٹر جے ارونا کے شوہر پربھاکر ریڈی کے خلاف بی راما کرشنا نے شکایت کی ہے ۔ شکایت گذار کا کارپوریٹر کے شوہر پر الزام ہے کہ اس نے کار سے اس کی موٹر سیکل کو ٹکر دی اور اس کے بعد مار پیٹ کرتے ہوئے مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے تاہم کارپوریٹر کے شوہر نے بھی بیوی سے بدکلامی اور میاں بیوی کو بدنام کرنے کا الزام لگاتے ہوئے راما کرشنا کے خلاف شکایت کردی ۔ پولیس نے دونوں شکایتوں پر کارروائی کا آغاز کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق راما کرشنا اپنے ساتھی کے ہمراہ کل رات موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ شیوا سائی نگر علاقہ میں پارک کے قریب پربھاکر ریڈی نے جو کار میں سوار تھا راما کرشنا کی موٹر سیکل کو ٹکر دے دی اور اس کے ساتھ مار پیٹ کی ۔ سابق میں بھی ان کے درمیان ایسا جھگڑا ہوا تھا اور ریاستی وزیر سبیتا اندرا ریڈی کو اس سے واقف کروایا گیا تھا ۔ دونوں کا ایک ہی سیاسی جماعت سے تعلق رکھنا توجہ کا سبب بنا ہوا ہے ۔ راما کرشنا نے پربھاکر ریڈی پر الزام لگایا کہ وہ سیاسی خصومت کے سبب جان سے مارنے کی کوشش کررہا ہے ۔ جب کہ کارپوریٹر کے شوہر کا کہنا ہے کہ راما کرشنا انہیں سیاسی حلقوں میں بدنام کرنے کے لیے بے بنیاد الزامات لگارہا ہے ۔ اور ان کی بیوی کو رسوا کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔ سیاسی ترقی سے حسد کرتے ہوئے راما کرشنا ایسی حرکتیں کررہا ہے ۔ میر پیٹ پولیس نے ہر دونوں کی شکایت پر ایک دوسرے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع