میزبان مالدیپ کو شکست ، ہندوستان فائنل میںداخل

   

مالے ۔کپتان اوراسٹار اسٹرائیکر سنیل چھتری کے دو شاندارگولوں کی بدولت ہندوستانی مردوں کی فٹ بال ٹیم نے یہاں مالدیپ نیشنل اسٹیڈیم میں میزبان مالدیپ کو3-1 سے شکست دے کر سیف چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنالی۔ اب اتوارکو فائنل میں اس کا مقابلہ پڑوسی نیپال سے ہوگا۔ہندوستانی کپتان سنیل چھتری نے میچ میں فاتح کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، جس کے لیے انہیں مین آف دی میچ’قراردیاگیا۔ وہ رواں سیزن میں ٹورنمنٹ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے جن میں میچ میں دو شاندار گول سمیت جملہ چارگول ہیں ۔ یہ دوگول انہیں برازیل کے لیجنڈر فٹ بال کھلاڑی پلے سے بھی آگے لے گئے ۔ اب وہ بین الاقوامی گول کرنے کے معاملے میں ارجنٹینا کے عظیم فٹ بال کھلاڑی لیونل میسی سے صرف ایک گول پیچھے ہیں۔ جبکہ میسی کے نام 80 بین الاقوامی گول ہیں ، ان دوگولوں کے ساتھ چھتری کے بین الاقوامی گولس کی تعداد79 ہوگئی ہے ۔علاوہ ازیں فارورڈ منویر سنگھ کے ذریعہ 33 ویں منٹ میں کئے گئے گول کی مدد سے ہندوستان نے میچ میں سبقت حاصل کی ۔ ۔ تاہم حریف ٹیم کے اسٹرائیکر حمزہ محمد کے ایک شاٹ پر ہندوستانی ڈفینڈر پریتم کوٹل کے چیلنج کے بعد45 ویں منٹ ملی پنالٹی نے مالدیپ کو برابری کرنے کا موقع دیا اور مالدیپ کے کپتان اور فارورڈ علی اشفاق نے اس موقع کو نہ گنواتے ہوئے گول بنایا اور1-1 سے اسکور برابرکردیا۔