میسی اوررونالڈو کا کورونا فنڈز میں فی کس ایک ملین کا عطیہ

   

میڈرڈ۔25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)کورونا وائرس سے لڑنے کے لئے فٹبال دنیا کے دو بڑے کھلاڑی لیونل میسی اورکرسٹیانو رونالڈو نے فی کس ایک ملین یورو دینے کا اعلان کردیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا میں کورونا وائرس کے پھیلاو کے بعد اسٹار فٹبالرز بھی انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت سامنے آرہے ہیں۔ اسپین میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے۔ اس صورتحال میں بارسلوناکلب کی نمائندگی کرنے والے لیونل میسی بھی پیچھے نہیں رہے، ان کی جانب سے دی جانے والی ایک ملین یوروزکی رقم بارسلونا کے دواخانوں، کلینکس اور دوسرے میڈیکل مراکز میں خرچ کی جائے گی۔پرتگال میں کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی خدمات پیش کی ہیں، ان کی جانب سے تین انتہائی خصوصی نگہداشت کے یونٹس بنائے جائیں گے جس میں ایک یونٹ15 بیڈز پر مشتمل ہوگا جب کہ دو 10 بیڈز والے انتہائی خصوصی نگہداشت کے یونٹس ہوں گے۔ اس کے ساتھ لزبن پرتگال میں میڈیکل کالجز میں بھی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انگلش فٹبال کلب مانچسٹر سٹی کے مینجر پیپ گارڈیولا نے بھی ایک ملین یورو عطیہ کا اعلان کیا ہے۔یادرہے کہ اس قبل بھی میسی اور رونالڈو نے کئی ایک فلاحی کاموں میں اپنا تعاون دیا ہے۔