روم ۔3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) دنیائے فٹ بال کے ایوارڈز پر لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کی برسوں سے قائم اجارہ داری ختم ہونے لگی کیونکہ ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے لیور پول کے نئے اسٹار ورجل وان وائک فیفا فٹ بالر آف دی ایر کے ایوارڈ کیلئے بھی ان کے درمیان آگئے ہیں۔ وان وائک نے گذشتہ ہفتے ہی یوئیفا فٹبالر آف دی ایر کا ایوارڈ جیتا ہے۔ فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی کی جانب سے گذشتہ برس بہترین کارکردگی کی بنیاد پر ایوارڈ کے امیدواروں کا اعلان کردیا۔ مردوں کیلئے ایوارڈ کی دوڑ میں مذکورہ بالا تین سوپر اسٹار شارٹ لسٹ ہوئے ہیں۔ ٹاپ خاتون کھلاڑی کیلئے انگلینڈ کی لوسی برانز، امریکہ کی الیکس مورگن اور ان کی ہم وطن میگن راپنوئے شامل ہیں۔مردوں کے بہترین کوچز کیلئے مانچسٹر سٹی کے پیپ گارڈیولا، لیورپول کے یرگن کلوپ اور ٹاٹنہم کے ماریسیو پوچٹینو جبکہ خواتین کوچ کیلئے پی ایس جی کی کرسٹیان اینڈلر، وولفزبرگ کی ساری وان وینیڈال کے درمیان مقابلہ ہے۔