کولکاتا، 16 دسمبر (آئی اے این ایس) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی جانب سے تشکیل دی گئی تحقیقاتی کمیٹی نے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں فٹبال اسٹار لیونل میسی کے حالیہ ایونٹ کے دوران پیش آنے والی بدنظمی کو شدید انتظامی ناکامی اور مناسب نگرانی کے فقدان کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ ریٹائرڈ جسٹس آسم کمار رائے کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے گزشتہ دو دنوں کے دوران یووا بھارتی کرینگن اسٹیڈیم کے میدان اورگیلریوں کا معائنہ کیا۔ جسٹس رائے نے میڈیا کو بتایا کہ ایونٹ کے دن ذمہ دار افسران کی جانب سے نگرانی میں واضح کوتاہی سامنے آئی ہے۔ کمیٹی نے سوال اٹھایا کہ پابندی کے باوجود پانی اور سافٹ ڈرنکس کی بوتلیں میدان میں کیسے پہنچیں، جبکہ ٹوٹی ہوئی کرسیاں اور دروازے بھی پائے گئے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق پولیس اور اسپورٹس ڈپارٹمنٹ دونوں اس واقعہ کی نگرانی کے ذمہ دار تھے اور ذمہ داری سے بچ نہیں سکتے۔ تحقیقاتی کمیٹی نے حکومت سے ذمہ دار افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کی ہے، جبکہ واقعہ کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) قائم کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔
