لندن ۔ اسٹیڈیم میں صفائی کرنے والے شخص کو ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی سے دستخط مانگنے پر نوکری سے نکال دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی انٹر میامی اسٹیڈیم میں صفائی کرنے والوں میں سے کولمبیا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کرسچن سلامانکا نے لیونل میسی سے اپنی شرٹ پر دستخط کرنے کی درخواست کی جس کی انہوں نے رضا مندی ظاہرکردی لیکن اس کے باوجود کرسچن سلامانکا کو نوکری سے نکال دیا گیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق کرسچن سلامانکا میامی میں ڈیڑھ سال سے مقیم ہے اور وہ کھیلوں کی تقریبات اورکانسرٹس میں صفائی کرنے والی کمپنی کے ساتھ کام کرتا ہے۔ کرسچن نے ارجنٹینا کے ایک اخبارکو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ میں بس گیراج کے حصے میں واقع بیت الخلاء کی صفائی کا کام کرتا ہوں، خوش قسمتی سے جب بس پہنچی اورکھلاڑی روانہ ہوئے تو میں وہاں موجود تھا۔ انہوں نے کہا کہ بس میں موجود آخری کھلاڑی لیونل میسی تھے تو میں نے چیخ کرکہا ہیلو، ورلڈ چمپئن اور جب لیونل میسی میری طرف مڑکر میری قمیص پر دستخط کرنے آئے تو سیکیورٹی اہلکار فوراً وہاں پہنچ گئے اور انہوں نے مجھے نوکری سے نکال دیا۔ لیونل میسی نے کرسچن کی شرٹ پر دستخط کردیے تھے جو اس نے اپنے یونیفارم کے نیچے پہنی ہوئی تھی۔