ریاض ۔ ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کے سعودی عرب کے الہلال کلب سے معاہدے کی بڑھتی ہوئی افواہوں کے بعد اب ان کے والد نے بیان جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق لیونل میسی کے والد جارج میسی نے سعودی عرب کے الہلال کلب سے معاہدے کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میسی نے اگلے سیزن میں سعودی عرب میں کھیلنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں اور نہ ہی اس پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ لیونل میسی کے والد جارج نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگلے سال کے لیے کسی بھی کلب کے ساتھ ابھی کچھ طے نہیں ہوا ہے، میسی کے پی ایس جی کے ساتھ لیگ سیزن ختم کرنے سے پہلے یہ فیصلہ کبھی نہیں کیا جائے گا۔ گزشتہ ہفتے یہ افواہیں بھی سامنے آئی تھیں کہ لیونل میسی کو الہلال کلب کی طرف سے اب تک کی سب سے مہنگی پیش کش کی گئی ہے جوکہ تقریباً 40 کروڑ ڈالر سالانہ ہے۔