میسی کا فلک نما پیالیس میں قیام، حیدرآباد عالمی توجہ کا مرکز

   

13 ڈسمبر کو اُپل اسٹیڈیم میں میسی، ریونت ریڈی دوستانہ میاچ، شہر میں سیکوریٹی ہائی الرٹ
محمد نعیم وجاہت
حیدرآباد۔ 12ڈسمبر : ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی حیدرآباد آمد نے شہر بالخصوص فلک نما پیالیس کو عالمی توجہ کا مرکز بنا دیا۔ 1894 میں نظام حیدرآباد کا تعمیر کردہ یہ شاہی محل اپنی منفرد شان و شوکت مہمان نوازی اور عالمی شخصیات کی میزبانی کے باعث عالمی شہرت رکھتا ہے جو 2010 میں تاج فلک نما ہوٹل میں تبدیل ہوگیا۔ اسی فلک نما پیالیس میں ہندی فلموں کے سوپر اسٹار دبنگ سلمان خاں کی بہن ارپتا خاں کی شادی ہوئی تھی جبکہ 2017 میں وزیر اعظم نریندر مودی نے صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر ایوانکا ٹرمپ کے اعزاز میں اسی محل میں ضیافت کا اہتمام کیا تھا۔ اب لیونل میسی کا قیام اس کی شہرت کو بین الاقوامی کھیلوں اور مہمان نوازی کے حلقوں میں مزید بلند کرے گا۔ لیونل میسی ہفتہ کی شب اپنی ٹیم کے ساتھ حیدرآباد پہونچیںگ ے اور ایئرپورٹ سے تاج فلک نما پیالیس جائیں گے۔ جہاں وہ قیام کریں گے۔ کچھ دیر توقف کے بعد وہ اُپل اسٹیڈیم جائیں گے جہاں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ساتھ دوستانہ فٹبال میاچ کھیلا جائے گا۔ میاچ اور دوسرے پروگرامس میں شرکت کے بعد میسی کی ٹیم واپس فلک نما پیالیس لوٹے گی جہاں چند خصوصی معززین سے ملاقات کا امکان ہے۔ رات میں فلک نما پیالیس میں شب بسری کے بعد میسی اتوار کی صبح ممبئی روانہ ہو جائیں گے۔ اسٹار فٹبالر کے حیدرآباد دورہ کے پیش نظر پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کئے ہیں۔ ایک طرف میسی اور ان کی ٹیم اور دوسری طرف چیف منسٹر ریونت ریڈی کی اسٹیڈیم آمد و رفت کیلئے ٹریفک کلیرنس دینا بڑا چیالنج ہے جس کیلئے ٹریفک حکام جامع منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ اسٹیڈیم میں صرف پاس اور ٹکٹ رکھنے والوں کو داخلے کی اجازت ہو گی۔ میسی کی 13 ڈسمبر کو شہر میں آمد نے صرف حیدرآباد نہیں بلکہ فلک نما پیالیس کی تاریخی اور عالمی اہمیت کو نمایاں کررہا اور اسے بین الاقوامی مہمان نوازی کے نقشے پر مزید روشن کردیا ہے۔ 2