دوحہ۔ سنسنی خیز فائنل میں ارجنٹینا نے فرانس کو پنالٹیز پر شکست دی اور تیسری مرتبہ عالمی چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ، 2022 کے ورلڈ کپ کے لیے ایوارڈز کا بھی اعلان کردیا گیا جس میں فٹبال کے چند بڑے ناموں کو تسلیم کیا گیا، ارجنٹینا کے لیونل میسی کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ارجنٹائنی فارورڈ نے ایڈیڈاس گولڈن بال جیت لیا، جسے فیفا ٹیکنیکل اسٹڈی گروپ (ٹی ایس جی ) کی طرف سے بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا جاتا ہے۔ فرانس کے کائلان امباپے اور کروشیا کے لوکا موڈرک بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ یہ میسی کا ورلڈ کپ تھا اور اسے ٹورنمنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔ 35 سالہ میسی نے آخر کار فٹ بال کا سب سے بڑا انعام اپنے ہاتھ میں لے لیا، قطر میں ٹرافی کو حاصل کرنے کے راستے میں سات گول اسکور کر لیے۔ وہ اسی ایڈیشن کے آخری 16، کوارٹر فائنل، سیمی فائنل اور فائنل میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے اور دوسری بار انفرادی اعزاز حاصل کیا۔ گولڈن بوٹ امپابے کے نام رہا جنہوں نے 8 گول اور 2 گول میں تعاون کے ساتھ جیتا۔ لیونل میسی نے سلور بوٹ اور فرانس کے اولیور گیروڈ نے برونز میڈل حاصل کیا۔ ارجنٹینا سے ایمیلیانو مارٹینیز نے ایڈیڈاس گولڈن گلوو حاصل کیا جبکہ انگلینڈ نے فیفا فیئر پلے ایوارڈ جیتا ہے ۔ فرانس کا فارورڈ امپابے فائنل سے قبل میسی کے ساتھ پانچ گول پر برابر تھے ۔ امپابے 1966 میں سر جیف ہرسٹ کے بعد ورلڈ کپ کے فائنل میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے کھلاڑی بنے ہیں، دو پنالٹیز کے علاوہ ایک عمدہ فنش کیا جس نے کھیل کو اضافی وقت میں پہنچایا۔ فرانس کے لیے ٹرافی کو برقرار رکھنا کافی نہیں تھا لیکن، فائنل میں آٹھ گول کے ساتھ انہوں نے 2002 سے رونالڈو کے ریکارڈ کا مقابلہ کیا اور 23 سالہ امپابے کی طرف سے ابھی بھی بہت کچھ آنا باقی ہے۔