تریوانندرم، 23 اگست (آئی اے این ایس)۔ ہندوستان اس نومبر میں فٹبال کی تاریخ رقم کرنے جا رہا ہے، کیونکہ عالمی شہرت یافتہ اسٹار لیونل میسی اور فیفا ورلڈکپ کے موجودہ فاتح ارجنٹینا کی ٹیم کیرالا میں ایک دوستانہ میچ کھیلنے آ رہی ہے۔ کیرالا کے وزیرکھیل وی عبد الرحمن نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ سرکاری تصدیق ارجنٹینا فٹبال اسوسی ایشن (اے ایف اے) کے ای میل کے ذریعے موصول ہوئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم نومبر 2025 کے فیفا انٹرنیشنل میچ ونڈوکے دوران کیرالا میں ایک بین الاقوامی میچ کھیلے گی۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب لیونل میسی اور ان کے ورلڈ کپ فاتح ساتھی کھلاڑی ہندوستان کا دورہ کریں گے۔ اس اعلان نے پورے ملک خصوصاً فٹبال سے محبت کرنے والے کیرالا میں شائقین کو جوش و خروش میں بے تحاشہ اضافہ کردیا ہے۔ کیرالا، جو طویل عرصے سے جنوبی امریکی فٹبال کے جادو کو مناتا آیا ہے، اس لمحے کو خواب کی تکمیل قرار دے رہا ہے۔ کیرالا فٹبال اسوسی ایشن (کے ایف اے) آل انڈیا فٹبال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کے ساتھ مل کر انتظامات کو حتمی شکل دے رہی ہے، جس میں اسٹیڈیم کا انتخاب بھی شامل ہے۔ ابتدائی بات چیت کے مطابق یہ میچ ریاستی دارالحکومت کے گرین فیلڈ اسٹیڈیم میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔ یہ میچ 2026 فیفا ورلڈکپ کوالیفائرز کی تیاریوں کا حصہ ہوگا۔ لیونل میسی، جنہوں نے 2022 کے قطر ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کو فتح دلائی تھی، توقع ہے کہ ٹیم کی قیادت کریں گے، اگرچہ کھلاڑیوں کی حتمی فہرست تاریخ کے قریب جاری کی جائے گی۔ ریاستی حکومت کی جانب سے حفاظتی انتظامات، ہجوم کے نظم و نسق اور مہمان نوازی کے لیے مکمل تعاون فراہم کیے جانے کی توقع ہے۔ سیاحت کے حکام کا ماننا ہے کہ لیونل میسی کی آمد سے کیرالا کی بین الاقوامی شہرت میں زبردست اضافہ ہوگا اور شائقین ہندوستان سمیت دنیا بھر سے یہاں کھنچے چلے آئیں گے۔ ہندوستان کے فٹبال شائقین، خاص طور پرکیرالا کے لوگ، جو ڈیاگو میراڈونا کے دور سے ارجنٹینا کے مداح رہے ہیں، ان کے لیے لیونل میسی کی موجودگی ملک کی سرزمین پر ایک تاریخی لمحہ ہوگی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پچھلے کئی ہفتوں سے وزیرکھیل عبد الرحمن کو خاص طور پر کانگریس پارٹی اور اس کے ریاستی صدر و سینئر رکن اسمبلی سنی جوزف کی سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔