میسی کے دورہ ہندکے ویڈیو میں ممبئی، دہلی اور حیدرآباد نمایاں

   

Ferty9 Clinic

کولکاتا، 17 دسمبر (آئی اے این ایس) ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبال لیجنڈ لیونل میسی نے چہارشنبہ کے روز اپنے ’گوٹ انڈیا ٹورکی یادگاری ویڈیو جاری کی، جس میں کولکاتا کے یووا بھارتی کرینگن (سالٹ لیک اسٹیڈیم) کے ایونٹ کی کوئی جھلک شامل نہیں کی گئی۔ یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کولکاتا مرحلے کے دوران شدید انتظامی بدانتظامی، شائقین کی ناراضگی اور ایونٹ آرگنائزر کی گرفتاری جیسے واقعات سامنے آئے تھے۔ میسی کی انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں کولکاتا سے صرف لیک ٹاؤن میں میسی کے مجسمے کی نقاب کشائی کا منظر شامل ہے، جبکہ سالٹ لیک اسٹیڈیم کا کوئی منظر دکھائی نہیں دیتا۔ ویڈیو میں زیادہ تر مناظر حیدرآباد، ممبئی اور دہلی سے لیے گئے ہیں۔ حیدرآباد میں میسی کو چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ساتھ فٹبال کھیلتے، بچوں سے ملتے اور شائقین کی جانب گیند اچھالتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں وہ سچن تنڈولکر کے ساتھ نظر آتے ہیں، جبکہ دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم کے مختصر مناظر بھی ویڈیوکا حصہ ہیں۔ اس کے علاوہ ویڈیو میں میسی کو لوئیس سواریز اور روڈریگو ڈی پال کے ساتھ مسکراتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ میدان سے باہر کے لمحات میں ممبئی کے کرکٹ کلب آف انڈیا میں ’پیڈل کپ‘ میں شرکت اور اداکارہ کرینہ کپور خان کے ساتھ تصاویر بھی شامل ہیں۔ کولکاتا کے دورے کے دوران میسی کے ساتھ ریاستی وزیر آروپ بسواس نظر آئے تھے، تاہم نہ وہ اور نہ ہی سالٹ لیک اسٹیڈیم کا ایونٹ ویڈیو میں شامل کیا گیا۔ البتہ ویڈیو کے کیپشن میں میسی نے کولکاتا کا نام ضرور لیا۔ میسی نے لکھا: نمستے انڈیا! دہلی، ممبئی، حیدرآباد اورکولکاتا کے شاندار دوروں کا شکریہ۔ محبت، مہمان نوازی اور خلوص کے لیے ممنون ہوں۔ مجھے امید ہے کہ ہندوستان میں فٹبال کا مستقبل روشن ہوگا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ کیپشن میں دورے کے مرکزی آرگنائزر سَتدرو دتہ کا نام بھی شامل رکھا گیا، حالانکہ انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ 13 دسمبر کو سالٹ لیک اسٹیڈیم میں میسی کے ایونٹ کے دوران شدید بدنظمی پھیل گئی تھی۔ میسی تقریباً 22 منٹ بعد میدان سے روانہ ہوگئے، جس کے بعد کرسیاں اور بوتلیں میدان میں پھینکی گئیں۔اس واقعے کے بعد ریاستی حکومت نے تحقیقاتی کمیٹی قائم کی، آرگنائزر کو گرفتار کیا گیا اورریاستی وزیر کھیل آروپ بسواس نے استعفیٰ دے دیا۔