حیدرآباد ،11 ڈسمبر ۔نعیم وجاہت:حیدرآباد میں فٹبال کا جنون عروج پرپہنچ چکا ہے کیونکہ دنیا کے سب سے بڑے فٹبال آئیکن لیونل میسی کی آمد نے شہر کے مداحوں کو دیوانہ بنادیا ہے۔ فلک نما پیالیس میں ہونے والا میٹ اینڈگریٹ میسی ایک ایسا ایونٹ بننے جارہا ہے جو شائقین کیلئے زندگی بھر یاد رہے گا لیکن اس کیلئے بہت بڑی قیمت چکانی پڑے گی۔ آرگنائزنگ کمیٹی کی مشیر پاروتی ریڈی کے بموجب میسی کے ساتھ صرف ایک تصویرکھنچوانے کی قیمت 9.95 لاکھ روپئے اور ساتھ میں جی ایس ٹی علحدہ رہے گا۔ اس طرح ایک تصویر کی قیمت سیدھے سیدھے 10 لاکھ روپئے ہوجائے گی۔ تصویر سے متعلق اس خصوصی ٹکٹ کی دستیابی بھی محدود ہے۔ یعنی صرف100 خوش قسمت مداح ہی ’’دی گوٹ‘‘ کے ساتھ تصویرکشی کر پائیں گے۔ لیونل میسی 13 ڈسمبرکی شام حیدرآباد پہنچ رہے ہیں اور فلک نما پیالیس میں اس شاہانہ ملاقات کا انتظار ویسے ہی ہورہا ہے۔ جیسے جیسے کسی بڑے فائنل میچ کا ہوتا ہے۔ حیدرآباد کا اسپورٹس منظرنامہ اس وقت پوری طرح میسی میجک کی گرفت میں ہے۔ میسی سے تصویر کھنچوانے کیلئے ’’ڈسٹرکٹ ایپ‘‘ میں ٹکٹس دستیاب ہیں۔ میسی ہفتہ کی شام 4 بجے حیدرآباد پہنچیں گے اور7 بجے اپل اسٹیڈیم پہنچ جائیں گے۔ ان کے ساتھ ارجنٹینا کے اسٹار روڈیگوڈی پال اور لوئس سواریز بھی اسٹیڈیم میں موجود ہوں گے جس سے ایونٹ کی شان میں مزید اضافہ ہوگا۔ اپرنا میسی ال اسٹارز ٹیم سنگارینی آر آر9 کے ساتھ 20 منٹ تک فٹبال میچ کھیلیں گی جس میں 15 بچے میچ میں حصہ لیںگے جن میں 5 تربیت یافتہ ماباقی 10 باصلاحیت مگر پسماندہ پس منظر سے تعلق رکھنے والے بچے بھی میدان میں اتریں گے۔ تقریب کی خاص بات یہ ہوگی کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی میچ کے آخری 5 منٹ میں خود میدان میں اتر کرکھیل میں حصہ لیں گے۔ اس کے بعد فٹبال کلینک منعقد ہوگا جہاں یونیسیف کے برانڈ ایمبیسیڈر لیونل میسی بچوں کو فٹبال کیسے کھیلنا ہے؟ کیا کرنا ہے؟ کن بنیادی نکات کو اپنانا ہے؟ یہ تمام باتیں سکھائیں گے۔ میسی کی نگرانی میں پینالٹی شوٹ آوٹ کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ بعدازاں میسی انعامات بھی تقسیم کریں گے۔ اس کے بعدپریڈ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی میسی کو تہنیت پیش کریں گے۔ بتایا گیا ہیکہ یہ تقریب 3 گھنٹوں تک جاری رہے گی جس میں ایک میوزیکل کنسرٹ بھی شامل رہے گا۔ بعدازاں میسی حیدرآبادسے اتوار کی صبح ممبئی روانہ ہوجائیں گے۔
