حیدرآباد۔/27 ستمبر، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن اور چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے عید میلادالنبی ؐ کے موقع پر مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے علحدہ پیامات میں گورنر اور چیف منسٹر نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی رواداری، اتحاد، یکجہتی اور انسانیت کی بھلائی سے متعلق تعلیمات کا ذکر کیا۔ گورنر نے کہا کہ پیغمبر اسلامؐ کی عظیم تعلیمات ہیں جن میں انسانیت اور محبت کا درس دیا گیا ہے اور یہ تعلیمات ساری انسانیت کیلئے بھلائی کی طرح ہیں۔ دنیا بھر میں امن اور خوشحالی کیلئے یہ تعلیمات اہمیت کی حامل ہیں۔ پیغمبر اسلامؐ کی ولادت کے مبارک موقع پر ہمیں اتحاد، امن ، عالمی بھائی چارہ ، خوشحالی اور سماج میں یکجہتی کا عہد کرنا چاہیئے۔ گورنر نے امید ظاہر کی کہ میلادالنبیؐ اس کے حقیقی جذبہ کیساتھ منایا جائیگا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میلادالنبیؐ کو انتہائی بابرکت تصور کیا جاتا ہے اور ہر کسی کا ماننا ہیکہ اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کو امن کے پیغام کیساتھ آخری نبی کے طور پر مبعوث فرمایا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پیغمبر اسلام کی تعلیمات امن، ہمدردی، مذہبی سوچ، خیرات، اتحاد اور تمام انسانوں میں مساوات کا درس دیتی ہیں۔ حکومت کی جانب سے مسلم اقلیت کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے کئی اسکیمات متعارف کی گئیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ حکومت ریاست میں گنگا جمنی تہذیب کے جذبہ کو برقرار رکھنے کی مساعی جاری رکھے گی۔