میلادالنبی ؐ اور گنیش وسرجن کے موقع پر امن و ضبط کی برقراری اولین ترجیح

   

شاہی مسجد میں شجرکاری مہم ، وزیر داخلہ محمود علی اور سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل کی شرکت

حیدرآباد۔/22ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے شاہی مسجد باغ عامہ میں آج شجرکاری مہم میں حصہ لیا اور پودوں کی تقسیم عمل میں لائی۔ میلادالنبی ؐ کے موقع پر مسجد کی جانب سے شجرکاری اور پودوں کی تقسیم کا اہتمام کیا گیا۔ وزیر داخلہ محمود علی اور سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ شجرکاری سے دنیاوی فوائد کے علاوہ آخرت میں بھی اجر ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری ایک کارخیر ہے جس کے ذریعہ ماحولیات کا تحفظ کیا جاسکتا ہے۔ شجرکاری سے سماج میں پاکیزہ اور خوشگوار ماحول پیدا کیا جاسکتا ہے۔ گرین انڈیا چیلنج کے تحت رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار نے بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم شروع کی ہے۔ اس مہم کے تحت ریاست بھر میں کروڑہا پودے لگائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کی شدت میں کمی اور بارش شجرکاری کا نتیجہ ہے۔ وزیر داخلہ نے ریاست کے تمام مساجد اور دینی مدارس سے شجرکاری مہم میں حصہ لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ عید میلادالنبیؐ اور گنیش وسرجن کے ایک ہی دن میں اہتمام کے سبب مرکزی میلاد کمیٹی نے میلاد جلوس ملتوی کرتے ہوئے خوش آئند فیصلہ کیا ہے۔ اسلام امن ، محبت اور بھائی چارے کی تعلیم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میلادالنبیؐ اور گنیش وسرجن کے موقع پر حکومت امن وامان کی برقراری کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میلاد جلوس یکم اکٹوبر کو نکالا جائے گا۔ انہوں نے میلاد جلوس کمیٹی کے ذمہ داروں کو مبارکباد پیش کی۔