جشن کے دوران قوانین کا خاص خیال رکھنا ضروری ، میلاد جلوس آرگنائزرس کا اجلاس ، کمشنر پولیس کا خطاب
حیدرآباد۔5نومبر(سیاست نیوز) نوجوان جشن میلاد النبی ﷺ کے نام پر موٹر سیکل حادثات کا شکار ہوتے ہوئے یا کسی کو زخمی کرتے ہوئے نبی ؐ کی شان میں گستاخی کے مرتکب نہ بنیں۔کمشنر پولیس مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے آج سالار جنگ میوزیم میں علماء و مشائخین او رمیلاد جلوس کے آرگنائزرس کے اجلاس سے خطاب کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوںسے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ 12 سال سے شہر حیدرآباد میں میلاد جلوسکا انعقاد عمل میں لایا جا رہاہے اور ہر سال محکمہ پولیس اس بات کو نوٹس کر رہی ہے کہ اس جشن کے موقع پر موٹر سیکل پر کرتب بازی کے دوران نوجوان زخمی ہو رہے ہیں یا پھر حادثات کا شکار ہوتے ہوئے کسی کو زخمی کرنے کے موجب بن رہے ہیں۔ انہو ں نے بتایا کہ نوجوانو ںکو جشن میں حصہ لینے کے دوران بھی اپنی حفاظت کا خصوصی خیال رکھنا چاہئے اور ہیلمٹ پہن کرموٹر سیکل چلانے کی ضرورت ہے۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ جشن کے دوران بھی عوام کو قوانین کا خاص خیال رکھنا چاہئے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے لئے ذمہ دار نہ بنیں اس کیلئے کوشش کرنی چاہئے ۔ سالار جنگ میوزیم میں منعقدہ اجلاس میں مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ‘مولانا سید شاہ قبول پاشاہ قادری شطاری ‘ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ‘ جناب محمد قمر الدین صدرنشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن ‘مولاناسیداولیاء حسینی مرتضی پاشاہ‘ سید نثار حسین حیدر آغا‘سید علی قادری‘ سید احمد الحسینی سعید قادری کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کے دوران علماء و مشائخین میلادالنبی ﷺ کے منانے کے سلسلہ میں کی جانے والی تیاریوں کے متعلق واقف کروایا اور کہا کہ عیدمیلاد ؐ کے انعقاد کا مقصد تعلیمات مصطفی ﷺ کو عام کرنا ہے۔ کمشنر پولیس نے اس موقع پر بتایا کہ شہر حیدرآباد میں محکمہ پولیس کی جانب سے نظم و ضبط کی برقراری کے علاوہ ٹریفک کے سلسلہ میں مؤثر انتظامات کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ خوشیوں کے اس موقع پر کوئی نقص امن کا واقعہ یا حادثہ رونما نہ ہونے پائے۔ اس اجلاس میں محکمہ پولیس کے اعلی عہدیداران مسٹر ڈی ایس چوہان‘ مسٹر انیل کمار‘ مسٹر ترون جوشی‘مسٹر ایویناش موہنتی ‘کے علاوہ دیگر عہدیداران موجود تھے۔ کمشنر مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں میلادالنبیﷺ کے جلسہ اور جلوس کے انتظامات اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ محکمہ برقی کی جانب سے کئے جانے والے خصوصی انتظامات کا بھی جائزہ لیا جا چکا ہے۔