میلانیا ٹرمپ، دہلی کے سرکاری اسکول کا معائنہ کریں گی

   

اسکولی طلباء کے ساتھ وقت گذاریں گی، چیف منسٹر اروند کجریوال امریکی خاتون اول کا خیرمقدم کریں گے

نئی دہلی 20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے دو رومہ دورہ ہندوستان کے موقع پر جو آئندہ ہفتہ شروع ہورہا ہے، امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ دہلی کے سرکاری اسکولوں کا دورہ کریں گی اور وہاں پر ’’ہاپنس کلاسیس‘‘ کا مشاہدہ کریں گی۔ سرکاری اسکولوں میں خوشحال کلاس متعارف کروائی گئی ہے۔ ذرائع نے کہاکہ صدر ٹرمپ کی اہلیہ ملینیا جنوبی دہلی میں واقع ایک سرکاری اسکول کا دورہ کریں گی۔ صدر امریکہ کے دورہ کے دوسرے دن میلانیا مہمان خصوصی کی حیثیت سے سرکاری اسکولوں کا معائنہ کریں گی۔ ملینیا ٹرمپ اپنے ایک گھنٹہ طویل دورہ کے دوران اسکولی طلباء کے ساتھ کچھ وقت گذاریں گی۔ میلانیا ٹرمپ کا چیف منسٹر اروند کجریوال خیرمقدم کریں گے جنھوں نے اتوار کو دہلی کے چیف منسٹر کی حیثیت سے تیسری مرتبہ حلف لیا ہے۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی کے بعد کجریوال کی اسکولی تعلیم پالیسی کو مزید شہرت حاصل ہوئی ہے۔ کجریوال نے دہلی کے تمام سرکاری اسکولوں کو کارپوریٹ اسکولوں کے طرز پر ترقی دی ہے جہاں طلباء کو بہترین معیاری تعلیم دی جارہی ہے۔ صاف ستھرا ماحول اور عصری طرز سے کلاس رومس کو تیار کیا گیا ہے۔ منیلا ٹرمپ ان سرکاری اسکولوں کا مشاہدہ کرتے ہوئے اپنی رائے ظاہر کریں گی۔ کجریوال کے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا نے اسکولوں میں بہترین نصاب متعارف کروایا ہے۔ اس کے علاوہ دو سال قبل بھی انھوں نے خوشحال نصاب بھی متعارف کروایا تھا جس کا مقصد اسکولی طلباء میں تناؤ اور ذہنی کھنچاؤ کو کم کرسکیں۔ اس نصاب کے تحت طلباء کو 40 منٹ کی میڈیٹیشن کلاس دی جاتی ہے۔ جہاں بچے خود کو راحت محسوس کرتے ہیں اور کلاس سے باہر کی سرگرمیوں میں بھی بچوں کو مصروف رکھا جاتا ہے۔ خاتون اول کچھ وقت دہلی کے اہم مقامات کی بھی سیر کریں گی۔ جس وقت صدر ٹرمپ اور وزیراعظم مودی میں بات چیت ہوگی اُس وقت منیلا ٹرمپ اپنے سیاحتی شوق کو پورا کریں گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکہ کی خاتون اول 25فروری کو ہیپی نیس کلاس کے ذریعہ بچوں سے روبرو ہوں گی۔وہ جنوبی دہلی میں واقع سرکاری اسکول میں بچوں کے ساتھ تقریباً ایک گھنٹے کا وقت بتائیں گی۔اس دوران کجریوال اور نائب وزیراعلی منیش سیسودیا بھی ان کے ساتھ رہیں گے ۔یہ پہلی بار ہے جب ہندوستان کے دورے پر آنے والی امریکہ کی کوئی خاتون اول دہلی میں اسکولی طلبہ سے ملیں گی۔