کانگریس کا عنقریب راؤنڈ ٹیبل اجلاس، صدرنشین کمیٹی محمد علی شبیر کا بیان
حیدرآباد۔/12 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کی جانب سے اسمبلی انتخابات کیلئے میناریٹیز ڈیکلریشن کی تیاری میں مسلمانوں اور عیسائیوں کی مختلف سماجی، مذہبی و فلاحی تنظیموں اور اداروں سے 300 سے زائد تجاویز ملی ہیں جن کا جائزہ لیتے ہوئے ڈیکلریشن میں شامل کیا جائے گا۔ پردیش کانگریس کمیٹی پولٹیکل افیرس کمیٹی کے کنوینر اور میناریٹیز ڈیکلریشن کمیٹی صدر نشین محمد علی شبیر نے بتایا کہ جلد راؤنڈ ٹیبل کانفرنس منعقد کرکے سماج کے مختلف طبقات سے تجاویز لی جائینگی۔ محمد علی شبیر نے کمیٹی کنوینر ظفر جاوید کے ہمراہ تجاویز کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ 12 سے زائد مسلم اور کرسچن تنظیموں نے اپنے مطالبات پیش کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم تنظیموں سے 89 اور کرسچن تنظیموں سے 30 اہم مطالبات پیش کئے گئے۔ شیعہ تنظیموں نے تقریباً 40 مطالبات پیش کئے۔ کمیونٹی ممبرس کی جانب سے 400 تجاویز پیش کی گئیں تاکہ آئندہ انتخابات میں کامیابی کے بعد کانگریس حکومت عمل کرے۔ اقلیتوں کی معاشی و تعلیمی ترقی اور ویمنس امپاورمنٹ، ہاوزنگ، اوقافی جائیدادوں کے تحفظ، پرانے شہر کی ترقی اور اردو زبان کے فروغ پر تجاویز پیش کی گئیں۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ تمام اقلیتی طبقات کیلئے ایک جامع ڈیکلریشن تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیکلریشن کی تیاری میں اقلیتوں کا غیر معمولی ردعمل ثبوت ہے کہ بی آر ایس حکومت نے اقلیتوں کو دھوکہ دیا اور اقلیتیں آئندہ الیکشن میں کانگریس کی کامیابی کے حق میں ہیں۔ کمیٹی کو جو تجاویز موصول ہوئیں ان میں مسلم تحفظات میں اضافہ کی تجویز شامل ہے۔ اسی دوران ظفر جاوید نے بتایا کہ ستمبر کے تیسرے ہفتہ میں حیدرآباد میں اقلیتی تنظیموں اور رضاکارانہ اداروں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا جس کے بعد ڈیکلریشن کو قطعیت دی جائے گی۔
کستورباگاندھی بالیکامہاودیالیہ کی 90طالبات بیمار
حیدرآباد 12 ستمبر (یو این آئی) نظام آباد کی کستورباگاندھی بالیکامہاودیالیہ کی 90طالبات بیمارپڑگئیں۔یہ واقعہ کل شب پیش آیا ۔اطلاعات کے مطابق طالبات نے ہاسٹل میں نامناسب غذا کا استعمال کیا جس کے بعد انہوں نے الٹیوں، اسہال اور پیٹ میں درد کی شکایت کی۔ہاسٹل کے اسٹاف نے ان کو علاج کیلئے اسپتال نظام آباد منتقل کیا جہاں ان کا علاج کیاجارہا ہے ۔