ریاستی وزراء دامودر راج نرسمہا ، پونم پربھاکر اور ویویک وینکٹ سوامی کی شرکت، ہزاروں کارکنوں نے استقبال کیا
حیدرآباد ۔ یکم اگست (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کا عوام سے رابطہ مضبوط کرنے کے لئے انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کی جنہیتا پد یاترا کا آج دوسرا دن تھا۔ میدک ضلع کے اندول اسمبلی حلقہ میں پد یاترا کا آغاز ہوا جس میں ہزاروں کی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔ ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، دامودر راج نرسمہا ، جی ویویک وینکٹ سوامی کے علاوہ ورکنگ پریسیڈنٹ جگا ریڈی اور مقامی عوامی نمائندوں نے پد یاترا میں شرکت کی۔ ضلع کانگریس صدر نرملا جگا ریڈی اور دیگر قائدین نے پد یاترا کا استقبال کیا۔ میناکشی نٹراجن اور مہیش کمار گوڑ کا عوام کی جانب سے جگہ جگہ استقبال کیا گیا۔ پد یاترا سے قبل میناکشی نٹراجن نے متحدہ محبوب نگر ضلع کے پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے پرگی میں روانگی سے قبل متحدہ رنگا ریڈی ضلع کے پارٹی قائدین کے اجلاس سے خطاب کیا۔ رنگا ریڈی ضلع کے انچارج وزیر ڈی سریدھر بابو اور ارکان اسمبلی کے علاوہ کارکنوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔ پد یاترا اندول میں رات میں جلسہ عام کے بعد اختتام کو پہنچی اور کل 2 اگست کی صبح کانگریس قائدین شرمدان پروگرام میں شرکت کریں گے اور کارکنوں کا اجلاس منعقد ہوگا۔ شام 5 بجے پد یاترا کا دوبارہ آغاز ہوگا۔ پد یاترا کے تیسرے دن 3 اگست کو نظام آباد ضلع کے آرمور اسمبلی حلقہ کا احاطہ کیا جائے گا۔ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے میناکشی نٹراجن نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں کے دوران کارکنوں کی مسلسل محنت کے نتیجہ میں کانگریس پارٹی برسر اقتدار آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کو نظر انداز کرنے کے سبب عوام نے بی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کردیا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس حکومت نے فلاحی اور ترقیاتی اقدامات میں ملک میں ریکارڈ قائم کیا ہے۔ میناکشی نٹراجن نے کہا کہ تلنگانہ نے طبقاتی سروے اور پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کے ذریعہ ملک میں مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست ملک کیلئے رول ماڈل بن چکی ہے ۔ میناکشی نٹراجن نے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ سرکاری اسکیمات کو عوام تک پہنچانے میں اہم رول ادا کریں اور عوام سے رشتہ کو مضبوط کریں۔ اندول میں وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے پد یاترا کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے کانگریس قائدین کا استقبال کیا۔1