میناکشی نٹراجن کا حلقہ لوک سبھا محبوب نگر اور ورنگل کے قائدین کے ساتھ گاندھی بھون میں اجلاس

   

حکومت کے فلاحی اسکیمات پارٹی کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرنے اور تمام قائدین میں اتحاد کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 5۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس امور کے انچارج میناکشی نٹراجن نے آج گاندھی بھون میں محبوب نگر اور ورنگل لوک سبھا کے حدود میں شامل ارکان اسمبلی ، ارکان قانون ساز کونسل اور پارٹی کے دیگر اہم قائدین کا اجلاس طلب کیا۔ اس موقع پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ کے علاوہ دوسرے بھی موجود تھے۔ میناکشی نٹراجن نے پارٹی کے ارکان اسمبلی سے اپنے اپنے حلقوں کے مسائل ، ترقیاتی اقدامات، اندراماں ہاؤزنگ کی تعمیرات ، راشن کارڈس کی تقسیم ، راجیو یووا وکاسم کے علاوہ حکومت کے فلاحی اسکیمات کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ ساتھ ہی پارٹی کے ارکان اسمبلی کو دیہی علاقوں سے پارٹی کو تنظیمی سطح پر مضبوط کرنے حقیقی قائدین کے ساتھ انصاف کرنے پر زور دیا ہے۔ حکومت کے فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے کیلئے عوام کے درمیان پہنچنے کی ہدایت دی ۔ میناکشی نٹراجن نے حکومت کے اعتماد کو آئندہ انتخابات تک عوام میں مزید بڑھانے کی کوشش کرنے کی ہدایت دی۔ پارٹی کے تمام قائدین کو اتحاد و تال میل کے ساتھ کام کرنے کا مشورہ دیا۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے کانگریس حکومت کی دیڑھ سالہ کارکردگی پر روشنی ڈالی اور ساتھ ہی مقامی مسائل کو فوری طور پر حل کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریونت ریڈی حکومت نے جو فلاحی اسکیمات کو متعارف کرایا ہے ، اس کی ملک بھر میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ ذات پات کا سروے ، ایس سی زمرہ بندی ، باریک چاول کی تقسیم مثالی اقدامات ہیں۔ ایسے اسکیمات ملک کی کسی بھی ریاست میں دستیاب نہیں ہے ۔ میناکشی نٹراجن نے کہا کہ پارٹی کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرنا ارکان اسمبلی پر اہم ذمہ داری ہے۔ پارٹی قائدین کے نظریاتی اختلافات کو فراموش کرتے ہوئے تمام قائدین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ کانگریس قائدین کا اتحاد ہی آئندہ منعقد ہونے والے مجوزہ مقامی اداروں کے انتخابات میں کامیابی کی ضمانت ہے۔2