میناکشی نٹراجن کا دھماکہ سے متاثرہ فیکٹری کا معائنہ

   

ہاسپٹل پہنچ کر مریضوں کی عیادت، بہتر علاج کا وعدہ ، مہلوکین کے خاندانوں کو امداد کا تیقن

حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن نے آج سنگا ریڈی کے انڈسٹریل ایریا پاشا میلارم میں دھماکہ سے متاثرہ کیمیکل فیکٹری کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے ہاسپٹل پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور متاثرین کے افراد خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے بہتر علاج کی سہولتوں کا بھروسہ دلایا۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کے ہمراہ میناکشی نٹراجن نے دھماکہ سے تباہ حال فیکٹری کا معائنہ کرتے ہوئے مقامی عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے عہدیداروں سے بچاؤ راحت کے کاموں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ میناکشی نٹراجن نے فیکٹری کے ملازمین اور مقامی افراد سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مہلوکین اور زخمیوں کیلئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا گیا ہے اور سرکاری سطح پر مفت علاج کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ میناکشی نٹراجن نے ملبہ کی صفائی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہاسپٹل پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور ڈاکٹرس سے علاج کے بارے میں دریافت کیا۔ میناکشی نٹراجن نے ڈاکٹرس سے کہا کہ وہ علاج کے معاملہ میں کوئی کوتاہی نہ کریں۔ ہاسپٹل کے قریب قائم کردہ ہیلپ ڈیسک پر میناکشی نٹراجن نے متاثرین کے افراد خاندان سے ملاقات کی۔ میناکشی نٹراجن کو بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے نعشوں کی آبائی مقام منتقلی کا انتظام کیا جارہا ہے۔ وزیر صحت نے بتایا کہ افراد خاندان کے کھانے اور دیگر سہولتوں کے انتظامات حکومت کی جانب سے کئے جارہے ہیں ۔ وزیر صحت کے مطابق حادثہ میں 36 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 11 افراد کا ابھی تک پتہ نہیں چلا ہے۔ ملبہ کی مکمل صفائی کے بعد ہی حقیقی تعداد واضح ہوپائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 18 نعشوں کی ڈی این اے ٹسٹ کے ذریعہ شناخت کی گئی ہے۔ دیگر نعشوں کی شناخت کیلئے ڈی این اے ٹسٹ جاری ہے۔ اسی دوران صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے متاثرہ خاندان کی مدد کا جو وعدہ کیا ہے ، اس کی تکمیل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اسطرح کے واقعات کو روکنے کیلئے ماہرین کے ذریعہ رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ ملبہ کی صفائی کے کاموں میں اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور سنٹرل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیموں نے حصہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی اور بچوں کی تعلیم کا انتظام کیا جائے گا۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور سینئر لیڈر راہول گاندھی نے اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور میناکشی نٹراجن کو جائزہ لینے کیلئے روانہ کیا ہے۔1