میناکشی نٹراجن کا کونڈا سریکھا سے فون پر ربط

   

میڈیا و تنازعات سے دوری کا مشورہ، مسئلہ سلجھانے کا تیقن
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس امور کی اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن نے ریاستی وزیر کونڈا سریکھا کے ساتھ ٹیلیفون پر بات چیت کی اور انہیں میڈیا کے سامنے حاضر نہ ہونے کی ہدایت دی۔ آپس میں مسئلہ کو بیٹھ کر سلجھانے کا تیقن دیا۔ واضح رہے کہ ریاستی وزیر کونڈا سریکھا کے او ایس ڈی سمنت کو ذمہ داریوں سے ہٹادینے کے بعد کونڈا سریکھا اور ان کے ارکان خاندان سخت برہم ہیں، ان کی دختر نے کل گھر کے سامنے ہنگامہ کھڑا کرکے پولیس کے خلاف شکایت کی ہے۔ متحدہ نلگنڈہ ضلع میں سمنٹ کمپنی کے انتظامیہ کو ڈرانے دھمکانے کا سمنت پر الزامات عائد ہونے کے بعد انہیں عہدہ سے ہٹادیا گیا ہے جس کے بعد حیدرآباد میں کونڈا سریکھا کے گھر کے سامنے پولیس کے پہنچ جانے پر کونڈا سریکھا کی دختر سشمیتا نے پولیس سے سوالات کی بوچھار کرکے میڈیا کو بتایا کہ ان کا خاندان کانگریس اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کا کٹر حامی ہیں، باوجود اسکے انہیں کانگریس قائدین کی جانب سے ہراساں کیا جارہا ہے ۔ اس کا کانگریس نے سخت نوٹ لیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ پارٹی انچارج میناکشی نٹراجن تک یہ مسئلہ پہنچ گیا اور وہ اس مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔2