میناکشی نٹراجن کی آج سے پرگی میں پد یاترا، چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات

   

4 اگست تک پد یاترا جاری رہے گی، 5 تا 7 اگست نئی دہلی میں بی سی تحفظات کیلئے جدوجہد، دھرنا اور صدر جمہوریہ سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس انچارج میناکشی نٹراجن نے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کے ہمراہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر سے ملاقات کے دوران 31 جولائی سے شروع ہونے والی پد یاترا کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ میناکشی نٹراجن اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ 31 جولائی کو رنگا ریڈی ضلع کے پرگی سے پد یاترا اور شرمدان پروگرام کا آغاز کریں گے ۔ ملاقات میں طئے کیا گیا کہ پد یاترا 4 اگست تک جاری رہے گی اور 5 اگست کو کانگریس قائدین تین روزہ دورہ پر نئی دہلی روانہ ہوں گے ۔ بی سی تحفظات کے مسئلہ پر مرکز پر دباؤ بنانے کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی ، ریاستی وزراء ، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی و کونسل اور سینئر قائدین 5 تا 7 اگست نئی دہلی میں قیام کریں گے۔ نئی دہلی میں مہا دھرنا کا منصوبہ ہے اور صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے نمائندگی کی جائے گی۔ نئی دہلی کے پروگرام کے بعد پد یاترا کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگا۔ رنگا ریڈی میں پرگی کے بعد میدک میں آندول 2 اگست ، نظام آباد میں آرمور میں 3 اگست اور 4 اگست کو عادل آباد کے خانہ پور اسمبلی حلقہ میں میناکشی نٹراجن اور مہیش کمار گوڑ کی پد یاترا رہے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ پد یاترا میں ضلع کے تمام قائدین کو حصہ لینا چاہئے ۔ 5 اگست کو پارلیمنٹ میں بی سی تحفظات کے مسئلہ پر تلنگانہ کے ارکان پارلیمنٹ تحریک التواء پیش کرتے ہوئے مباحث کا مطالبہ کریں گے ۔ نئی دہلی کے مہا دھرنا میں قائدین اور کارکنوں کو لیجانے کے لئے خصوصی ٹرین کا انتظام کیا جارہا ہے۔ ہر ضلع سے 50 قائدین خصوصی ٹرین کے ذریعہ نئی دہلی روانہ ہوں گے اور وہاں تین دن قیام کرتے ہوئے 42 فیصد بی سی تحفظات کیلئے مختلف پروگراموں میں حصہ لیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے 7 اگست کو ملاقات کا وقت دیا ہے۔ نئی دہلی کے تین روزہ پروگرام کے پیش نظر میناکشی نٹراجن کی پد یاترا پر مختلف اندیشوں کا اظہار کیا جارہا تھا تاہم چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد واضح ہوگیا کہ پد یاترا 31 جولائی تا 4 اگست جاری رہے گی۔ چیف منسٹر سے تقریباً دیڑھ گھنٹے تک میناکشی نٹراجن اور مہیش کمار گوڑ کی اس ملاقات میں نئی دہلی کے پروگرام ، نامزد عہدوں پر تقررات ، تنظیمی کمیٹیوں کی تشکیل پر مشاورت کی گئی۔ 6 اگست کو نئی دہلی کے دھرنا پروگرام میں بڑے پیمانہ پر قائدین کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا ۔ کانگریس پارٹی کے علاوہ حلیف پارٹیوں کے ارکان پارلیمنٹ شرکت کریں گے۔1