میناکشی نٹراجن کی یوسف گوڑہ ڈیویژن میں پارٹی کی انتخابی مہم

   

مکینوں اور دوکانداروں سے ملاقات، حلقہ کی ترقی کیلئے کانگریس کو کامیاب بنانے کی اپیل
حیدرآباد 4 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس کی انچارج میناکشی نٹراجن نے وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کے ہمراہ آج جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے یوسف گوڑہ ڈیویژن میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ پارٹی امیدوار نوین یادو کو ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے میناکشی نٹراجن نے کئی علاقوں میں پدیاترا کے ذریعہ رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ اُنھوں نے گھر گھر پہونچ کر رائے دہندوں کو کانگریس حکومت کے فلاحی اور ترقیاتی اقدامات کی تفصیلات پر مبنی پمفلٹ حوالے کئے۔ اُنھوں نے راہگیروں اور دوکانداروں سے بھی ملاقات کی اور علاقہ کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے کانگریس کی تائید کی اپیل کی۔ میناکشی نٹراجن نے کہاکہ نوین یادو جوبلی ہلز سے تعلق رکھتے ہیں اور اُنھوں نے سابق میں 2 مرتبہ انتخابات میں حصہ لیا ہے۔ وہ مقامی مسائل سے بہتر طور پر واقف ہیں۔ کامیابی کی صورت میں علاقہ کی ضروریات کی تکمیل میں اہم رول ادا کریں گے۔ میناکشی نٹراجن نے خواتین اور نوجوانوں سے بطور خاص اپیل کی کہ وہ کانگریس کے حق میں ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے ریونت ریڈی حکومت کو مضبوط بنائیں۔ میناکشی نٹراجن نے انتخابی مہم کے سلسلہ میں مہیلا خواتین پر مشتمل مختلف گروپس تشکیل دیئے ہیں اور ایک گروپ کی قیادت وہ خود کررہی ہیں۔ یوسف گوڑہ ڈیویژن میں میناکشی نٹراجن آئندہ دنوں میں بھی جوبلی ہلز میں پارٹی کی انتخابی مہم چلائیں گی۔ اِسی دوران وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے دعویٰ کیاکہ جوبلی ہلز میں کانگریس امیدوار کی بھاری اکثریت سے کامیابی یقینی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ جوبلی ہلز کے رائے دہندے ریونت ریڈی حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اقدامات سے مطمئن ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں علاقہ کی ترقی کو نظرانداز کردیا گیا تھا۔1