نئی دہلی، 3 جولائی (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے آج ان خبروں پر مودی حکومت کی نکتہ چینی کی کہ چین نے ہندوستان کے مینوفیکچرنگ سیکٹر سے اپنے عہدیداروں کو واپس بلا لیا ہے ۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں کھرگے نے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ غیر ملکی سرمایہ کاری اور پالیسی اسکیموں کے نام پر قومی مفاد اور اقتصادی سلامتی سے سمجھوتہ کر رہی ہے۔ کھرگے نے سوال کیاکہ اطلاعات کے مطابق چین نے ہندوستان کے مینوفیکچرنگ سیکٹر سے اپنے عہدیداروں کو واپس بلا لیا ہے ۔ کیا یہ سچ نہیں ہے کہ مودی حکومت اپنے ’میک ان انڈیا‘ اور ’آتم نر بھر بھارت‘ کے وعدے پورے کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے اور اسی لیے اس نے چینی کمپنیوں کو رعایتیں دیں اور چینی شہریوں کے لیے ویزا کے قوانین میں نرمی کر دی۔