بھوپال ۔27 جنوری(ای میل) ہندوستان کی پہلی خاتون میوزک ٹیکنیشن اور صدر جمہوریہ ہند ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر ساجدہ خان کو ’’وندھیا گورو ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا ۔ بھوپال میں منعقدہ ایک پراثر اور شاندار تقریب میں یہ ایوارڈ مدھیہ پردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر راجندر شکلا نے ساجدہ خان کو عطا کیا ۔ اس موقع پر اظہار مسرت کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر مدھیہ پردیش راجندر شکلا نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر ساجدہ خان سارے ملک کیلئے قابل فخر اور ہمارے لئے باعث شان ہے ۔ اسنیہہ ایونٹ اینڈ مینجمنٹ اینڈ سی وی انٹرپرائزز کے پروگرام میں موجودہ و سابقہ ارکان پارلیمان و موجودہ اور سابقہ ارکان اسمبلی کے علاوہ دیگرمعززین کی کثیر تعداد شریک تھی جسے و شنومشرا نے ترتیب دیا تھا ۔ واضح رہے کہ دنیا میں جتنے بھی ساؤنڈ انجینئر ہیں ان میں بھی انڈیا سے ساجدہ خان ہی شامل ہیں ۔ آڈیو انجینئرنگ سوسائٹی لندن نے ایک کتاب بنا م ’’ویمن ان انڈیا‘‘لکھی ہے ۔ یہ کتاب ساری دنیا میں فروخت ہونے والی کتابوں میں اولین اہمیت کی حامل ہے ۔ اس کتاب میں بھی ڈاکٹر ساجدہ خان کا نام شامل ہے ۔ ڈاکٹر ساجدہ خان کو آڈیو انجینئرنگ دنیا میں کافی مقبولیت حاصل ہے ۔ فرنٹ ان لائن ایجوکیشن ویب سائٹ فرسٹ انڈین ویمن سیما اینڈ میوزک میں 14 ممتاز و معروف خواتین کا ذکر ہے جس میں ساجدہ خان کا نام پانچویں نمبر پر شامل ہے ۔ ڈاکٹر ساجدہ خان نے ایوارڈ حاصل ہونے پر تنظیم اسنیہہ ا یونٹ کہ ذمہ داران سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ انہیں یہ ایوارڈ حاصل کرنے پر بے انتہا مسرت حاصل ہو رہی ہے ۔ واضح رہے کہ منتخب ریاستوں سے 15 منتخب قابل فخر ہستیوں کو یہ ایوارڈز عطا کیے گئے ۔ ساجدہ خان نے کہا کہ وہ ایک سماجی جہد کار ہیں اور اپنے آپ کو انہوں نے عوامی خدمت کے لیے وقف کر رکھا ہے انہوں نے اس سلسلے میں وشنو،سرجیت سنگھ،پر کاش ترپھارٹی اور دیگر ذمہ دار وں سے اظہار تشکر کیا کہ انہیں ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنے اپ کو ایک مخصوص شعبہ تک محدود نہ رکھیں بلکہ زندگی کے ہر شعبہ میں آگے بڑھنے کی ہر وقت کوشش کریں ۔