میونخ ۔ 30 جون (ایجنسیز) جنوبی وسطی یورپ کے ایک اہم پہاڑی سلسلے الپس اور جنوبی جرمن شہر میونخ کے بیچ سفر کرنے کے مرکزی ذریعہ ریل کے نظام میں متعدد تکنیکی خرابیوں کے سبب رابطہ منقطع ہونے سے آمد و رفت میں شدید خلل پیدا ہو گیا ہے۔ الپس کے دامن اور میونخ شہر کے درمیان آمد و رفت کا یہ اہم سلسلہ روزانہ اس روٹ پر سفر کرنے والوں کے ساتھ ساتھ سیاحوں او تعطیلات منانے والوں کے لیے بھی غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ باویرین ریجنل ریلوے (BRB) کی ویب سائٹ پر اتوار کو یہ اطلاع دی گئی کہ میونخ سینٹرل اسٹیشن اور ہولس کرشن کے قصبہ کے درمیان میونخ اور الپس کے دامن میں واقع علاقوں تک پہنچنے کے لیے اس ٹرین لائن میں خلل جمعہ کی سہ پہر سے شروع ہوا جس کے سبب باویرین ریجنل ریلوے (BRB) اور Chiemgau-Inntaland نیٹ ورکس کے ساتھ ساتھ چند اہم مضافاتی ٹرین لائنوں پر چلنے والی ٹرینوں کا سلسلہ بند پڑا ہے۔ دریں اثناء جرمن ریلوے ڈوئچے بان نے مسافروں کو ایک متبادل ٹرانسپورٹ ذریعہ فراہم کرتے ہوئے میونخ کے چند اہم ترین ضلعوں کے درمیان بسوں اور بڑی ٹیکسیوں کی سروس فراہم کر دی ہے۔