حیدرآباد۔/13 جولائی، ( سیاست نیوز)تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی او بی سی ڈپارٹمنٹ کے صدر نشین پروفیسر کے وینکٹ سوامی نے تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ میونسپلٹیز کے انتخابات میں او بی سی طبقات کو 34 فیصد تحفظات فراہم کئے جائیں۔ او بی سی ڈپارٹمنٹ کا اجلاس آج گاندھی بھون میں منعقد ہوا جس میں تحفظات کی فراہمی کے مسئلہ کا جائزہ لیا گیا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ سوامی نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں او بی سی طبقات کو مجالس مقامی میں 34 فیصد تحفظات فراہم کئے گئے تھے لیکن ٹی آر ایس حکومت اس میں کمی کرتے ہوئے 22 فیصد کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت کے تحفظات میں تبدیلی کرنا بی سی طبقات کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اس تجویز کے خلاف 15 تا 18 جولائی او بی سی کے ضلعی صدور اپنے متعلقہ اضلاع میں ضلع کلکٹرس کو یادداشت پیش کریں گے۔ 22 جولائی کو الیکشن کمیشن سے نمائندگی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ اگر تحفظات بحال نہیں کئے گئے تو او بی سی طبقات کو متحد کرتے ہوئے میونسپلٹیز کے انتخابات میں ٹی آر ایس کے خلاف حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ وینکٹ سوامی نے کہا کہ دستور میں جو مراعات فراہم کی گئی ہیں ٹی آر ایس حکومت ان سے محروم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پسماندہ طبقات کے مسائل کی یکسوئی اور ان کی ترقی سے کے سی آر حکومت کو کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن میونسپلٹیز میں پسماندہ طبقات کی آبادی زیادہ ہے وہاں کانگریس پارٹی بی سی طبقات کو متحد کرتے ہوئے کامیابی کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ راجیو گاندھی نے دستور میں 73 اور 74 ویں ترمیم کے ذریعہ مجالس مقامی کو اختیارات دیئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر بلالحاظ سیاسی وابستگی تمام او بی سی طبقات کو متحدہ جدوجہد کرنی چاہیئے۔
