میدک۔12 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میونسپل انتخابات کی کاؤنٹنگ کے عمل میں ریٹرننگ آفیسرس (آر اوز)، سپروائزرز، اسسٹنٹ سپروائزرز اور مائیکرو آبزرورز کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، ان خیالات کا اظہار ضلع انتخابی عہدیدار و کلکٹر راہول راج نے انتخابی عہدیداران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاؤنٹنگ کے مرحلہ میں ہر عہدیدار اپنی ذمہ داری پوری دیانت داری اور شفافیت کے ساتھ انجام دے تاکہ نتائج پر عوام کا اعتماد برقرار رہے۔ جمعرات کو ویسلز اسکول میں قائم میونسپل انتخابات کے اسٹرونگ روم اور کاؤنٹنگ ہال کا ضلع ایڈیشنل کلکٹر ناگیش، ایڈیشنل ایس پی مہندر، ڈی ایس پی پرسنّا کمار اور آر ڈی او رامادیوی کے ہمراہ معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر کاؤنٹنگ عملہ کو مختلف ہدایات اور مشورے دیئے گئے۔ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواران اور سیاسی جماعتوں کے قائدین کو صبح 5:45 بجے تک کاؤنٹنگ مرکز پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کاؤنٹنگ ہال میں موبائل فون کی اجازت نہیں ہوگی اور ووٹوں کی گنتی راؤنڈ وار اور ٹیبل وار طریقہ سے انجام دی جائے گی جس کیلئے فلیکس بورڈز نصب کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کاؤنٹنگ مرکز کے اطراف سخت ترین حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس پروگرام میں میدک تحصیلدار لکشمن بابو، میونسپل کمشنر سرینواس ریڈی، ضلع سائنس آفیسر راجی ریڈی سمیت آر اوز، سپروائزرز اور اسسٹنٹ سپروائزرز شریک تھے۔