رکن کونسل جیون ریڈی کا مطالبہ، گورنر نے پہلی مرتبہ جرأت کا مظاہرہ کیا
حیدرآباد۔25 ۔ جولائی (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن کونسل جیون ریڈی نے گورنر کی جانب سے میونسپل ایکٹ کو واپس کئے جانے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر کا یہ اقدام ٹی آر ایس حکومت کے لئے طمانچہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کو اخلاقی طور پر استعفیٰ دے دینا چاہئے ۔ گورنر کے اس فیصلہ کے بعد کے سی آر کو عہدہ پر برقراری کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے پہلی مرتبہ اپنی جرات کا مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ گورنر حکومت کے دیگر عوام دشمن فیصلوں کے بارے میں یہی رویہ اختیار کریں گے ۔ جیون ریڈی نے چیف منسٹر کے آبائی موضع چنتا مڈکا کی ترقی کے لئے سینکڑوں کروڑ منظور کئے جانے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ کے سی آر کو جاننا چاہئے کہ وہ ساری ریاست کے چیف منسٹر ہیں نہ کہ اپنے آبائی گاؤں کے ۔ انہیں ریاست کے دیگر علاقوں کے ساتھ فنڈس کی اجرائی کے سلسلہ میں مساوی سلوک کرنا چاہئے ۔ جیون ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے دستور پر حلف لیا تھا کہ وہ تمام طبقات کے ساتھ یکساں سلوک کریں گے لیکن صرف ایک علاقہ کو فنڈس مختص کرتے ہوئے کے سی آر نے دستور کی خلاف ورزی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی فائدہ کیلئے اپنے آبائی گاؤں کو رقومات منظور کرنا دیگر علاقوں کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی گئی۔ عوام کو وعدوں کی تکمیل کا انتظار ہے۔ چیف منسٹر اگر اپنے رویہ میں تبدیلی نہیں لائیں گے تو انہیں عوامی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
