میونسپل شادنگرپرکانگریس کاقبضہ ہوگا:وی شنکر

   

سابق بی آرایس حکومت پر بدعنوانی کا الزام ‘ رکن اسمبلی کی میڈیا سے بات چیت
شادنگر 18 ؍ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) میونسپل انتخابات کے حوالے سے کسی بھی قسم کی سیاسی چال بازی کی گنجائش نہیں ہوگی، ہم ایمانداری سے اور اپنی صلاحیت کے بل بوتے پر کامیابی حاصل کریں گے۔ یہ بات شادنگر ایم ایل اے ویرلا پلی شنکر نے کہی۔ اتوار کے روز شادنگر میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انتخابات سے متعلق میڈیا کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے میں طاقت کا مظاہرہ کرنے والے لیڈروں کے بجائے، وارڈ میں رہ کر مسلسل کام کرنے والوں کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس مرتبہ میونسپل چیئرمین کا عہدہ یقینی طور پر کانگریس پارٹی کے حصے میں آئے گا۔ ایم ایل اے نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں جن وارڈز نے اعتماد کر کے بی آر ایس کو اقتدار سونپا، ان کی ترقی کے لیے بی آر ایس نے کچھ نہیں کیا۔ جبکہ ہم اقتدار میں آنے کے صرف دو سال کے اندر نمایاں ترقی کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت وارڈز میں رہنے والے تمام عوام جانتے ہیں اور عوام یقینی طور پر ہمارے ساتھ ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ بی آر ایس حکومت کے دور میں میونسپل انتظامیہ نے کتنی بدعنوانیاں اور غیر قانونی کام کیے، یہ شہر کی عوام بخوبی معلوم ہے۔ خاص طور پر انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں کی طرح ہماری حکومت کے دور میں نہ کسی کے مکانات گرائے جائیں گے ، نہ کسی سے زبردستی پیسہ وصول کیے جائیں گے ، نہ سڑکوں پر کنکر ڈال کر کمیشن مانگا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شفاف اور غیر جانبدار عوامی حکمرانی فراہم کی جائے گی ۔ ایم ایل اے نے ایک بار پھر واضح کیا کہ کانگریس پارٹی کے بی فارم صرف انہی لوگوں کو دیے جائیں گے جو ایمانداری کے ساتھ عوامی خدمت کے لیے پابند ہوں گے۔ اس موقع پر قائدین محمد علی خان بابر ، اگنورْو وشوم، رگھو نائک، اگنورْو بسوَم، اندے موہن و دیگر موجود تھے۔