میونسپل نظام آباد میں آؤٹ سورسنگ ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کا مطالبہ

   

نظام آباد۔ 7 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)نظام آباد میونسپل کارپوریشن میں آؤٹ سورسنگ کی بنیاد پر خدمات انجام دے رہے میونسپل ملازمین کے دیرینہ مسائل کو ایک ہفتہ کے اندر اندر حل نہ کیا گیا تو احتجاجی ہڑتال ناگزیر ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار بہوجن لیفٹ ٹریڈ یونین (BLTU) کے ریاستی صدردنڈی وینکٹ نے دیا۔آج ضلع ہیڈکوارٹر نظام آباد کے دھرنا چوک پر بہوجن میونسپل ورکرز اینڈ ایمپلائز یونین (بی ایل ٹی یو) کے زیر اہتمام منعقدہ احتجاجی دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے آؤٹ سورسنگ میونسپل ملازمین سخت موسمی حالات، گرمی، بارش اور سردی کے باوجود صبح چار بجے جاگ کر شہر کی صفائی، نالیوں کی صفائی، پانی کی سربراہی، روشنی کی دیکھ بھال اور پارکوں کی نگہداشت جیسے اہم فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ان کی بے لوث خدمت کے باوجود انہیں بنیادی حقوق اور سہولتیں حاصل نہیں ہیں۔ ان کارکنوں کو نہ تہواروں کی چھٹیاں دی جاتی ہیں اور نہ ہی یومِ آزادی، یومِ جمہوریہ، یومِ مزدور یا قومی ایام پر کوئی رعایت دی جاتی ہے۔ کارپوریشن کی جانب سے عدم توجہ کے خلاف 7 اگست کو دھرنا چوک پر احتجاج منظم اور ضلع کلکٹر و کارپوریشن کمشنر کو یادداشت پیش کی گئی جس میں 15 نکات پر مشتمل تفصیلی یادداشت پیش کی گئی۔اس موقع پر ریاستی جنرل سکریٹری ایس سدھی رامولو، بی ایل ٹی یو مہلا سنگھم کی کنوینر سببنی لتا، ضلع سکریٹری میکلا راجنردر، صدر و سکریٹری وائی انیل کمار و گنگا شنکر، ڈرائیورس یونین کے صدر لکشمن، جواں یونین کے صدر کے وینکٹ سوامی، واٹر سپلائی یونین صدر کوممو راہول اور دیگر کارکنان موجود تھے۔