حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں صفائی عملہ سے کمشنر کی سطح تک صد فیصد ٹیکہ اندازی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے 15 اپریل تک تمام عہدیداروں اور ملازمین کی ٹیکہ اندازی مکمل کرنے زونل کمشنر کو ہدایت دی ہے۔ کمشنر نے اس مسئلہ پر زونل کمشنرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا ۔ متعلقہ اربن ہیلت سنٹر پر ٹیکہ اندازی کا انتظام کیا جائے گا ۔ روزانہ کی بنیاد پر ٹیکہ لینے والے افراد کی تفصیلات ہیڈ آفس کو روانہ کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ کووڈ پورٹل پر تفصیلات کو اپ ڈیڈ کیا جائے گا۔ مختلف سطح پر جی ایچ ایم سی کے 30,000 فرنٹ لائین ورکرس ہیں۔ کمشنر نے کہاکہ 15 اپریل کے بعد ہر عہدیدار اور ملازم کورونا قواعد کے مطابق اپنے دفاتر میں حاضر رہیں۔ بلدیہ کے دفاتر آنے والے افراد کو بھی ٹیکہ اندازی کی ترغیب دی جائے گی ۔ دفاتر میں ماسک کے استعمال اور سماجی دوری کو سختی کے ساتھ برقرار رکھا جائے گا ۔ کمشنر نے کہا کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں جی ایچ ایم سی عہدیداروں اور ملازمین کو اپنی ذمہ داری نبھانی چاہئے ۔